0
Monday 24 Feb 2020 20:44

وادی کشمیر میں آج 7 ماہ بعد اسکول کھل گئے، بچوں میں خوشی کی لہر

وادی کشمیر میں آج 7 ماہ بعد اسکول کھل گئے، بچوں میں خوشی کی لہر
اسلام ٹائمز۔ وادی کشمیر میں سات ماہ تک اسکول بند رہنے کے بعد آج یعنی پیر کو کھل گئے۔ گزشتہ تیس سال کے ناسازگار حالات میں پہلی بار کشمیر میں تعلیمی ادارے اتنی طویل مدت تک تسلسل کے ساتھ بند رہے۔ گزشتہ سال 5 اگست کو بھارتی حکومت کی جانب سے جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کرنے کے فیصلے کے ساتھ ہی وادی کشمیر میں معمولات زندگی پوری طرح ٹھپ پڑ گئے تھے۔ طبی سیکٹر کو چھوڑ کر زندگی کے تمام باقی شعبے عملاً مفلوج ہوکر رہ گئے تھے۔ چند ماہ بعد اگرچہ حکومت نے تعلیمی اداروں کو کھولنے کا اعلان کیا تھا لیکن سرینگر کے ہائی سیکورٹی زون میں واقع چند مشنری اسکولوں کو چھوڑ کر باقی تمام اسکولوں میں طلبہ کی حاضری صفر کے برابر رہی کیونکہ والدین اس قدر خوفناک حالات میں اپنے بچوں کو اسکول بھیجنے پر آمادہ نہیں ہوئے تھے۔ 5 اگست کے بعد کئی ماہ تک پرائیویٹ ٹیوشن سینٹر بھی بند ہی رہے، جبکہ انٹرنیٹ جو دور جدید میں تعلیمی سرگرمیوں کا ایک اہم حصہ ہے، اس کی سروس بھی مسلسل 7 ماہ سے بند ہے۔
 
ڈائریکٹر آف اسکول ایجوکیشن (کشمیر زون) کی سربراہی میں گزشتہ روز ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں اسکول کھولے جانے کے حوالے سے اہم معاملات کا جائزہ لیا گیا۔ حکام نے چند دن قبل ہی اسکول شروع کرنے کی تاریخ کا اعلان کیا تھا۔ اس کے ساتھ ہی اسکولوں کے منتظمین نے اسکول عمارتوں اور کلاس رومز کے فرنیچر وغیرہ کی صاف صفائی کا کام بھی شروع کیا تھا۔ اتوار کو بھی سرینگر کے بعض اسکولوں میں انتظامیہ کو متحرک اور کام کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ اسکول بسوں کو تیار رکھا گیا ہے۔ سرینگر اور وادی کشمیر کے دیگر علاقوں میں گزشتہ کئی دنوں سے والدین بازاروں میں اپنے بچوں کے ہمراہ بیگ،  یونیفارم اور کتابوں کی خریداری کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔ اس حوالے سے ایک چہل پہل دیکھنے کو مل رہی جبکہ بچے بھی خوش نظر آرہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 846517
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش