0
Monday 24 Feb 2020 22:15

چینی کی درآمد پر عائد ڈیوٹی ختم

مہنگائی کے ذمہ داروں کو سزا ملنے تک چین سے نہیں بیٹھوں گا، وزیراعظم
چینی کی درآمد پر عائد ڈیوٹی ختم
اسلام ٹائمز۔ وفاقی حکومت نے گندم کے بعد اب چینی اور مختلف اقسام کی خام چینی کی درآمد پر عائد 40 فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی بھی ختم کر دی۔ اس ضمن میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے باضابطہ طور پر نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے جس کے ذریعے 28 جون 2019ء کو جاری کردہ ایس آر او نمبر میں ترامیم کی گئی ہے۔ اس ترمیمی نوٹی فکیشن کے تحت ایف بی آر نے چقندر سے تیار کردہ چینی اور دیگر اقسام کی خام چینی کی درآمد پر عائد 40 فیصد ریگولیٹری ختم کردی ہے۔ اس بارے میں جب ایف بی آر حکام سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ ایف بی آر نے چینی کی درآمد پر ریگولیٹری ڈیوٹی ختم کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے اس اقدام کا بنیادی مقصد ملک میں چینی کی دستیابی کو یقینی بنانا اور رمضان المبارک کے دوران چینی کی معقول قیمت پر دستیابی کے حوالے سے پیشگی اقدام ہے تاکہ اگر ضرورت پڑے تو چینی درآمد کی جا سکے۔

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مصنوعی طور پر مہنگائی بڑھانے کے ذمہ داروں کو سزا ملنے تک چین سے نہیں بیٹھوں گا۔ اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے اشیا کی قیمتیں کنٹرول کے معاملے پر توجہ مرکوز کرنے کے نتیجے میں قیمتوں میں خاصی کمی آچکی ہے بالخصوصی سبزیوں کی قیمتیں کم ہوئی ہیں جیسا کہ دیکھا جا سکتا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ میں عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ مصنوعی طور پر مہنگائی کرنے میں ملوث افراد کی نشاندہی اور انہیں سزا ملنے تک ہرگز چین سے نہیں بیٹھوں گا۔
خبر کا کوڈ : 846532
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش