0
Monday 24 Feb 2020 23:01
ہنگامی بنیادوں پر وائرس کی تشخیص کا انتظام ہونا چاہیئے

کرونا کے باعث زائرین کی آمدورفت کو روکنا درست نہیں، علامہ ساجد نقوی

ہمسایہ ممالک سے آنیولے مسافروں کی اسکریننگ و طبی اطمینان لازم ہے
کرونا کے باعث زائرین کی آمدورفت کو روکنا درست نہیں، علامہ ساجد نقوی
اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے ہمسایہ ملک ایران میں کرونا وائرس رپورٹ ہونے پر بلوچستان انتظامیہ کی جانب سے پاک ایران سرحد کو عارضی طور پر بند کئے جانے پر کہا کہ کرونا وائرس کی آڑ میں زائرین کو روکنا درست اقدام نہیں ہے۔ پڑوسی ممالک سے آنے والوں کی اسکریننگ و طبّی اطمینان لازم ہے، جس کیلئے بارڈر اور ائیرپورٹس پر ہنگامی بنیادوں پر وائرس کی تشخیص کا مؤثر انتظام کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بارڈر سیل کرنا مسئلہ کا حل نہیں بلکہ کرونا وائرس خطرے کے پیش نظر مسافروں کے مکمل چیک اپ و تسلی کے بعد آمدورفت میں رکاوٹ نہیں ہونی چاہیئے۔ علامہ ساجد نقوی کا مزید کہنا تھا کہ وبائی مرض سے شہریوں کو محفوظ رکھنے کے لئے اقدامات وقت کی اہم ضروت ہیں، لیکن چین اور افغانستان کی سرحد کو چھوڑ کر صرف پاک ایران سرحد کو بند کرنے سے عوام میں تشویس پائی جا رہی ہے اور بہت سے سوالات اور خدشات جنم لے رہے ہیں، جن کا خاتمہ ضروری ہے۔

علامہ ساجد نقوی کا کہنا ہے کہ ماہرین کا کہنا ہے کرونا سے متعلق مبالغہ آرائی کی جا رہی ہے، جس کا مقصد شہریوں کو خوف و ہراس میں مبتلا کرنا اور تفتان بارڈر پر کرونا وائرس کے نام پر بے جا زائرین کو تنگ کرنا اور رکاوٹیں پیدا کرنا مقصود ہے، لہٰذا ذمہ داران کو چاہیئے کہ زائرین کے خدشات کو دور کیا جائے۔ وبائی امراض کے وائرس کو پھیلنے اور ملک میں آنے سے روکنے کے لئے جدید طبّی بنیادوں پر بچاﺅ اور احتیاطی تدابیر کے حوالے سے پاک ایران جوائنٹ سینٹرل ہیلتھ یونٹ قائم کیا جائے، جو زائرین کی مکمل اسکریننگ کے بعد سرٹیفیکیٹ جاری کرے، تاکہ زائرین کی آمد و رفت میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ ہو اور وہ باآسانی اپنی منزل مقصود تک پہنچ سکیں۔

دریں اثناء اسلام آباد میں وفاقی وزیر مذہبی امور کی صدارت میں ہونے والے آج کے اجلاس کے بعد وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ عوام کرونا وائرس کے سلسلے احتیاط کریں، حکومت بلوچستان کو ہدایت کر رہے ہیں کہ واپس آنے والے جن زائرین میں نزلہ، زکام، کھانسی اور جسم میں درد کی شکایت ہو، ان کے دو دنوں میں مطلوبہ ٹیسٹ کرکے روانہ کر دیا جائے اور جن زائرین میں ایسی علامات نہ ہوں، انہیں ہرگز نہ روکا جائے، جانے والے زائرین کے سلسلے میں بھی ایسی ہی احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں۔
خبر کا کوڈ : 846535
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش