QR CodeQR Code

عمران حکومت مہنگائی روکنے میں ناکام ہوگئی، حافظ نعیم الرحمٰن

24 Feb 2020 22:59

اپنے ایک بیان میں جماعت اسلامی کراچی کے امیر نے کہا کہ عمران حکومت آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر عوام پر ظالمانہ ٹیکس لگا رہی ہے، بجلی، گیس اور تیل کی قیمتیں آئی ایم ایف کے حکم پر بڑھائی جاتی ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ عمران حکومت مہنگائی روکنے میں ناکام ہو گئی ہے، کراچی سمیت ملک بھر میں بڑھتی ہوئی مہنگائی و بے روزگاری نے عوام کی کمر توڑدی ہے، عمران حکومت کی جانب سے اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں کمی کے اعلانات کے باوجود کوئی کمی نہیں کی جا رہی، گھروں میں چولہے ٹھنڈے ہوگئے ہیں، بھوک و افلاس کی وجہ سے خودکشی کے واقعات رونما ہو رہے ہیں، حکومت کی جانب سے اب تک کوئی سنجیدہ اقدامات نظر نہیں آرہے ہیں۔ اپنے ایک بیان میں حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ عمران حکومت آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر عوام پر ظالمانہ ٹیکس لگا رہی ہے، بجلی، گیس اور تیل کی قیمتیں آئی ایم ایف کے حکم پر بڑھائی جاتی ہیں، بجلی کی قیمت میں سو فیصد اور گیس کی قیمتوں میں 224 فیصد کا اضافہ ہوا، یہ عوام کا معاشی قتل عام ہے۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ نااہل حکمران پہلے گندم اور چینی برآمد کرکے عوام کو نقصان پہنچاتے رہے اور پھر درآمد کرکے عوام پر بوجھ ڈالا گیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ وفاقی حکومت جو تبدیلی کے دعوے کے ساتھ اقتدار میں آئی تھی، عوام کو ریلیف دینے میں مکمل طور پر ناکام ثابت ہوئی ہے، پی ٹی آئی حکومت کے تمام وعدے اور دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو چاہیے کہ وہ فوری طور پر وفاقی وزیر خزانہ اور حکومت کے مالیاتی مشیروں سے مل کر مہنگائی جیسے سنگین مسئلے کا کوئی حل تلاش کریں، ملک بھر میں مہنگائی کے خاتمے کیلئے قابل عمل میکنزم بنائیں، تاکہ عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف مل سکے۔


خبر کا کوڈ: 846536

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/846536/عمران-حکومت-مہنگائی-روکنے-میں-ناکام-ہوگئی-حافظ-نعیم-الرحم-ن

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org