QR CodeQR Code

حکومت پہلے دن سے ہی ویژن کے بحران کا شکار ہے

ایک کروڑ نوکریاں، پچاس لاکھ گھر کی خیالی عمارت زمین بوس ہو گئی، سراج الحق

72 سالوں میں ایک مرتبہ بھی اسلام کے عادلانہ نظام کو نہیں اپنایا گیا

24 Feb 2020 23:21

اپنے بیان میں امیر جماعت اسلامی نے کہا ہے کہ وزیراعظم کو واقعی احتساب میں دلچسپی ہوتی تو سب سے پہلے اپنے آپ کو اور وزراء کو احتساب کیلئے پیش کرتے، جب تک خوف خدا رکھنے والی دیانتدار قیادت برسر اقتدار نہیں آتی ملک کے مسائل حل نہیں ہونگے۔ 72 سال میں ایک بار بھی اسلام کے عادلانہ نظام کو نہیں آزمایا گیا۔


اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلام سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی ایک کروڑ نوکریاں اور پچاس لاکھ گھر دینے کے وعدوں کی خیالی عمارت زمین بوس ہو گئی ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت پہلے دن سے ہی ویژن کے بحران کا شکار ہے۔ پہلے سے آزمائے ہوئے ٹولے نے ملک کو بحرانوں کی آماجگاہ بنا دیا ہے۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ وزیراعظم کو 22 کروڑ عوام کی نہیں اپنے کچھ پیاروں کے مفادات کی فکر ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم آٹے، چینی کا بحران پید اکرنے والوں کو جانتے ہیں تو پھر اب کمیٹیاں بنانے کی کیا ضرورت ہے۔ وزیراعظم کو واقعی احتساب میں دلچسپی ہوتی تو سب سے پہلے اپنے آپ کو اور وزراء کو احتساب کیلئے پیش کرتے۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ جب تک خوف خدا رکھنے والی دیانتدار قیادت برسر اقتدار نہیں آتی ملک کے مسائل حل نہیں ہونگے۔ 72 سال میں ایک بار بھی اسلام کے عادلانہ نظام کو نہیں آزمایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی کے برسوں پرانے ریکارڈ ٹوٹ گئے ہیں۔ گیس، بجلی اور تیل کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے سے مہنگائی آسمان پر پہنچ گئی ہے۔ سینیٹر سراج الحق نے مطالبہ کیا کہ مہنگائی کو کنٹرول کرنے اور اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں کمی لانے کیلئے گیس، بجلی اور تیل کی قیمتیں کم کی جائیں۔ خیل رہے کہ گزشتہ روز چارسدہ میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا تھا کہ ان کی جماعت جلد پاکستان تحریک انصاف کی پالیسیوں کے خلاف جلد تحریک شروع کرے گی۔ چارسدہ میں دستاربندی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ پچھلے 18 ماہ میں حکومت نے کوئی وعدہ پورا نہیں کیا۔عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کی ایماء پر قیمتوں کا تعین قوم سے زیادتی ہے۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا تھا کہ ریاست مدینہ کے دعویداروں کے دور میں سودی نظام مزید پروان چڑھا۔ روزگار دینے کے بجائے 22 لاکھ شہری بے روزگار کیے گئے۔


خبر کا کوڈ: 846543

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/846543/ایک-کروڑ-نوکریاں-پچاس-لاکھ-گھر-کی-خیالی-عمارت-زمین-بوس-ہو-گئی-سراج-الحق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org