0
Tuesday 25 Feb 2020 17:34

سکھر، ایم ڈبلیو ایم کے تحت سیدہ فاطمۃ الزہراء (س) کانفرنس کا انعقاد

سکھر، ایم ڈبلیو ایم کے تحت سیدہ فاطمۃ الزہراء (س) کانفرنس کا انعقاد
اسلام ٹائمز۔ عالمی یوم مادر ولادت خاتون جنت حضرت فاطمہ زہرا (س) کی مناسبت سے مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین ضلع سکھر کے زیر اہتمام المہران کلچرل سینٹر میں عظیم الشان سیدہ فاطمۃ الزہراء سلام علیہا کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس میں معروف عالم دین علامہ سید حسن ظفر نقوی، علامہ سید باقر عباس زیدی، سید علی حسین نقوی، چوہدری اظہر حسن، علامہ علی بخش سجادی، نرگس سجاد جعفری سمیت دیگر رہنماؤں اور ہزاروں کی تعداد میں خواتین نے شرکت کی۔ علامہ سید باقر زیدی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے شیعہ و سنی علماء ملک میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے فروغ کے حوالے سے بھر پر کردار ادا کرتے ہوئے مذہبی جنونیت کا خاتمہ کرسکتے ہیں، سیدہ کائنات بی بی فاطمۃ الزہراء کی ذات مبارک تمام عالم انسانیت باالخصوص خواتین کے لئے عملی نمونہ ہے۔ علامہ باقر زیدی نے کہا کہ سیدہ کائنات (س) نے جہاں دین اسلام میں تعلیم و تربیت کے لئے زریں اصول وضع کئے، وہیں دختر رسول (س) نے دین اسلام کی ترویج اور اس کے دفاع کے لئے بھی اہم کردار ادا کرتے ہوئے عملی اور انقلابی اقدامات بھی کئے، جس کی نظیر میدان کربلا میں خاندان اہلبیت (ع) کی بیش بہا قربانیوں کی صورت میں ملتی ہے۔

علامہ سید حسن ظفرنقوی کا کہنا تھا کہ عالمی اسلامی تحریکوں کے بانی اور دیگر قائدین کی زندگی کا مطالعہ کیا جائے تو ان عظیم انسانوں کی تربیت کرنے والی ان کی ماؤں نے تربیت اولاد اور تربیت معاشرہ کے حوالے سے سیدہ فاطمۃ الزہراء سلام علیہا کی تعلیمات کو اپنا اصول بنایا۔ علامہ حسن ظفر نقوی کا کہنا تھا کہ اللہ رب العزت نے سیدہ کائنات (س) کے گھر کو رہتی دنیا تک کے لئے عظیم اور بابرکت گھرانہ قرار دیا، سیدہ کائنات (س) کے گھرانے کے ایک ایک فرد نے اپنی اپنی ذات سے علم و فراست کے وہ چشمے روشن کئے کہ جو رہتی کائنات تک عشق و معرفت اور جہد مسلسل کے متلاثی انسانوں کو سیراب کرتے رہیں گے۔ علامہ حسن ظفر نقوی نے کہا کہ راہ خدا میں اپنی ذات اپنی جان اپنی اولاد قربان کر دینا سیدہ کائنات کی تعلیمات اور ان کے گھرانے کا ہی مظہر ہے۔
خبر کا کوڈ : 846684
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش