0
Tuesday 25 Feb 2020 17:39

علامہ باقر زیدی کا سابق سٹی ناظم کراچی نعمت اللہ خان کی رحلت پر اظہار افسوس

علامہ باقر زیدی کا سابق سٹی ناظم کراچی نعمت اللہ خان کی رحلت پر اظہار افسوس
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ باقر عباس زیدی نے جماعت اسلامی کے سینئر رہنماء اور سابق سٹی ناظم نعمت اللّٰہ خان کے انتقال پر پسماندگان سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم نعمت اللہ خان کی رحلت سے کراچی کے عوام ایک عظیم اور انسان دوست شخصیت سے محروم ہوگئے ہیں، نعمت اللہ خان کی ملک و قوم خصوصاً شہر قائد کیلئے بیش بہا خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ صوبائی سیکریٹریٹ سولجر بازار سے جاری ہونے والے اپنے بیان میں علامہ سید باقر عباس زیدی کا کہنا تھا کہ مرحوم نعمت اللہ خان نے پوری زندگی ملک و قوم باالخصوص شہر قائد کے عوام کی بے لوث خدمت کی، شہر قائد کے سٹی ناظم ہونے کی حیثیت سے کراچی میں ہونے والے ترقیاتی کام خصوصاً شہر کے مختلف علاقوں میں عوام الناس کی فلاح و بہبود کے لئے بنائے گئے پراجیکٹس مرحوم نعمت اللہ خان کو عوام کے دل میں ہمیشہ زندہ رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم ایک مخلص اور انسان دوست شخصیت تھے، انہوں نے شہر کراچی کے مفلوک حال عوام کے لئے بڑی خدمات انجام دیں، بے روزگاروں  کے لئے مناسب روزگار کا انتظام ہو یا نادار اور یتیم بچیوں کی شادی کے لئے دست شفقت رکھنا، صاف پانی کی فراہمی ہو یا بھوکے اور بے گھر افراد کی کفالت کرنا یہ سب مرحوم نعمت اللہ کی مخلصانہ زندگی کا ایک اہم اور ناقابل فراموش پہلو ہے۔

علامہ باقر زیدی کا کہنا تھا کہ امام خمینی کے فرمان پر بروز جمعۃ الوداع یوم القدس کا انعقاد ہو یا عالمی دہشتگرد شیطان بزرگ امریکہ مردہ باد ریلی ہو، ماہ مبارک رمضان ہو یا ایام عزاء، مرحوم نعمت اللہ خان اپنی خدمات انجام دینے کے حوالے سے عوام کے درمیان موجود رہے، فرقہ واریت اور لسانیت کے خاتمے اور ملک و قوم کو عالمی استعمار کے مکروہ فریب سے محفوظ رکھنے کے لئے نعمت اللہ خان ایڈووکیٹ کی کوششوں کو کبھی فراموش نھیں کیا جاسکے گا۔ علامہ باقر زیدی کا مزید کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کے سینئر رہنماء اور سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان کی المناک رحلت پر مجلس وحدت مسلمین کی قیادت، کارکنان اور پوری ملت جعفریہ دکھ کی اس گھڑی میں سوگوار خاندان، جماعت اسلامی کی قیادت اور کارکنان کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ علامہ باقر زیدی نے دعا کی کہ اللہ رب العزت مرحوم نعمت اللہ خان کے درجات بلند فرمائے اور پسماندگان کو صبر و استقامت عطا فرمائے۔
خبر کا کوڈ : 846688
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش