QR CodeQR Code

یمن، امارات کی حمایت یافتہ ملیشیا کے ہاتھوں سعودی حمایت یافتہ ملیشیا کے 2 کمانڈرز اغواء

جنوبی یمن میں جارح قوتوں کے درمیان کشمکش جاری

25 Feb 2020 18:30

جنوبی یمن کے شہر عدن میں الحزام الامنی نامی مسلح گروپ نے عدن کے الہاشمی نامی علاقے میں موجود ایک ہوٹل پر دھاوا بول کر وہاں موجود المقاومۃ الجنوبیہ کے 2 کمانڈرز "احمد العوسجی" اور "بجاش الصبیحی" کو اغواء کر لیا ہے جبکہ عدن، قابض سعودی حمایت یافتہ منصور ہادی کی فوج اور متحدہ عرب امارات کی حمایت یافتہ یمنی علیحدگی پسند تنظیم جنوبی عبوری کونسل (Southern Transitional Council) کے درمیان ریاض میں ہونے والے معاہدے کے بعد سے اماراتی و سعودی حمایت یافتہ مسلح گروپس کے درمیان معرکۂ جنگ بنا ہوا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جنوبی یمن کے شہر عدن میں متحدہ عرب امارات کیساتھ منسلک مسلح جنگجوؤں کے ایک گروپ نے سعودی حمایت یافتہ مسلح جنگجوؤں کے 2 کمانڈرز کو اغواء کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق "المقاومۃ الجنوبیہ" نامی مسلح گروپ کے 2 کمانڈرز جو عدن کے ایک ہوٹل میں مقیم تھے، کو "الحزام الامنی" نامی متحدہ عرب امارات کے حمایت یافتہ گروپ کیطرف سے ہوٹل پر دھاوا بول کر اغواء کر لیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ سعودی عرب کی حمایت سے وجود میں آنے والے یمنی حکومت مخالف مسلح گروپ "المقاومۃ الجنوبیہ" سے ہی "الحزام الامنی" نامی گروپ الگ ہوا تھا جس کو متحدہ عرب امارات کی حمایت حاصل ہے۔

یمنی میڈیا کے مطابق الحزام الامنی نامی مسلح گروپ نے عدن کے الہاشمی نامی علاقے میں موجود ایک ہوٹل پر دھاوا بول کر وہاں موجود  المقاومۃ الجنوبیہ کے 2 کمانڈرز "احمد العوسجی" اور "بجاش الصبیحی" کو اغواء کر لیا ہے۔ ترک سرکاری خبررساں ایجنسی کے مطابق المقاومۃ الجنوبیہ کے یہ دونوں کمانڈرز عدن شہر میں نئے مسلح گروپس کی تشکیل کے مقصد سے سعودی عرب سے پلٹ کر حال ہی میں وہاں پہنچے تھے۔

واضح رہے کہ یمن کا جنوبی شہر عدن، قابض سعودی حمایت یافتہ منصور ہادی کی فوج اور متحدہ عرب امارات کی حمایت یافتہ یمنی علیحدگی پسند تنظیم جنوبی عبوری کونسل (Southern Transitional Council) کے درمیان ریاض میں ہونے والے معاہدے کے بعد سے اماراتی و سعودی حمایت یافتہ مسلح گروپس کے درمیان معرکۂ جنگ بنا ہوا ہے جبکہ چند روز قبل اماراتی حمایت یافتہ میلیشیا نے ایسی ہی ایک کارروائی میں سعودی حمایت یافتہ کمانڈر محمد الطاھر کو بھی اغواء کر لیا تھا۔


خبر کا کوڈ: 846697

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/846697/یمن-امارات-کی-حمایت-یافتہ-ملیشیا-کے-ہاتھوں-سعودی-2-کمانڈرز-اغواء

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org