0
Tuesday 25 Feb 2020 19:16
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے ایران کے سفیر سید محمد علی حسینی کی ملاقات

پاک ایران تعلقات برسوں سے محبت کے رشتے میں جڑے ہوئے ہیں، عثمان بزدار

پاک ایران تعلقات برسوں سے محبت کے رشتے میں جڑے ہوئے ہیں، عثمان بزدار
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے ایران کے پاکستان میں سفیر سید محمد علی حسینی نے لاہور میں ایوان وزیراعلیٰ میں ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ایران میں کرونا وائرس کے باعث قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کے باعث برادر ملک ایران میں بعض شہریوں کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر دکھ ہوا ہے، ہماری ہمدردیاں ایرانی بہن بھائیوں کیساتھ ہیں، اُمید ہے کہ ایران میں کرونا وائرس سے پیدا ہونیوالی صورتحال میں جلد بہتری آ جائے گی۔ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات کی نوعیت غیر معمولی ہے، پاک ایران تعلقات برسوں سے محبت کے رشتے میں جڑے ہوئے ہیں، پاکستان اور ایران کے باہمی تعلقات وقت گزرنے کیساتھ ساتھ مزید بہتر ہو رہے ہیں۔

عثمان بزدار کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان سیاحت اور ثقافت کے شعبے میں بہترین تعلقات کا سکوپ موجود ہے، پنجاب میں سیاحت کو فروغ دینے کیلئے بے مثال اقدامات اٹھائے ہیں، سیاحت کا فروغ دونوں ملکوں میں تعلقات بڑھانے میں ممدو و معاون ثابت ہوگا۔ اس موقع پر ایران کے سفیر سید محمد علی حسینی نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو ایران کے دورے کی دعوت دی۔ ایرانی سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ایران مذہبی، ثقافتی اور تاریخی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مشکل حالات میں دونوں ملکوں نے ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے، پنجاب کیساتھ مختلف شعبوں میں تعلقات کو مزید فروغ دینے کے خواہاں ہیں۔ ایرانی سفیر کا کہنا تھا کہ ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ سے دونوں ملکوں کے تعلقات میں اضافہ ہوگا۔

لاہور میں ایران کے قونصل جنرل محمد رضا ناظری کے علاوہ، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب سرمایہ کاری بورڈ اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
خبر کا کوڈ : 846707
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش