پاکستان کو امریکا اور افغان طالبان کے درمیان امن معاہدے پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی دعوت
25 Feb 2020 19:13
قطر کے سفیر صقر بن مبارک نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے دفتر خارجہ میں ملاقات کی اور انہیں 29 فروری کو دوحہ میں امریکا طالبان امن معاہدے پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی دعوت دی۔
اسلام ٹائمز۔ قطر نے پاکستان کو امریکا اور افغان طالبان کے درمیان امن معاہدے پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی دعوت دے دی۔ امریکا اور افغان طالبان کے درمیان ممکنہ طور پر 29 فروری کو تاریخی امن معاہدہ خلیجی ملک قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ہوگا، جس میں کئی ممالک اور عالمی تنظیموں کے نمائندے شرکت کریں گے۔ قطر نے باضابطہ طور پر پاکستان کو بھی امن معاہدے پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی دعوت دے دی ہے۔ پاکستان میں قطر کے سفیر صقر بن مبارک نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے دفتر خارجہ میں ملاقات کی اور انہیں 29 فروری کو دوحہ میں امریکا طالبان امن معاہدے پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی دعوت دی۔ تقریب میں شرکت کی دعوت قطری ڈپٹی وزیراعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبد الرحمن الثانی کی جانب سے بھیجی گئی ہے، قطری سفیر نے شاہ محمود قریشی کو خصوصی دعوت نامہ پیش کیا۔
خبر کا کوڈ: 846708