0
Tuesday 25 Feb 2020 21:18

کورونا وائرس کے ممکنہ پھیلائو کے پیش نظر گلگت اور بلتستان ریجن میں خصوصی مراکز قائم

کورونا وائرس کے ممکنہ پھیلائو کے پیش نظر گلگت اور بلتستان ریجن میں خصوصی مراکز قائم
اسلام ٹائمز۔ کورونا وائرس کے ممکنہ پھیلائو کے پیش نظر گلگت بلتستان میں خصوصی مراکز کا قیام عمل میں لایا گیا۔ جی بی کے سیکرٹری اطلاعات کی جانب سے جاری بیان کے مطابق جی بی میں اب تک اس بیماری کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا ہے، تاہم حفظ ماتقدم کے طور پر صوبائی حکومت حفاظتی اقدامات کو ممکن بنا رہی ہے تاکہ کسی بھی ناگہانی صورت حال کا مقابلہ کیا جا سکے۔ اس سلسلے میں پہلے مرحلے میں گلگت ریجن اور بلتستان ریجن میں ہسپتالوں اور طبی مراکز کو مکمل طور پر تیاری کی حالت میں رکھنے کے احکامات جاری کیے جا چکے ہیں۔ سیکریٹری اطلاعات نے صوبائی حکومت کی جانب سے کی جانے والی تیاریوں سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ محمد آباد دنیور میں تیس بستروں پر مشتمل ہسپتال میں سات کمرے کورونا کے ممکنہ طور پر متاثرہ مریضوں کے لیے مختص کر دیئے گئے ہیں۔ اسی طرح بسین ہسپتال میں بھی سات خصوصی کمرے مختص کیے جا چکے ہیں۔ بلتستان میں بینظیر بھٹو شہید میموریل ہسپتال میں بھی پانچ کمروں کو خصوصی آئسولیشن رومز  قرار دیا جا چکا ہے۔

مزید برآں سکردو میں ہی ایچ آر ڈی سی کی عمارت میں بھی دس خصوصی وارڈز کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے تاکہ ہنگامی صورت حال پیدا ہونے کی صورت میں فوری اقدامات کیے جا سکیں۔ صوبے میں کورونا وائرس کی بیماری کی روک تھام کے لیئے ڈاکٹر شاہ زمان کو فوکل پرسن بھی مقرر کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چیف سیکریٹری کی ہدایات کی روشنی میں ایک خصوصی کمیٹی بھی ان حفاظتی اقدامات کی کڑی جانچ کر رہی ہے۔ دریں اثناء سیکریٹری صحت راجہ رشید علی خان اور ہوم سیکریٹری جی بی کی سربراہی میں قائم کمیٹی نے محکمہ صحت کے زیر انتظام مختلف ہسپتالوں اور طبی مراکز کا دورہ کیا اور تیاریوں کی جانچ پڑتال بھی کی۔ سیکرٹری اطلاعات نے مزید بتایا کہ چین کے بعد ایران اور افغانستان میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو مدنظر رکھتے ہوئے احتیاطی تدابیر اختیار کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ انفارمیشن کے اس جدید دور میں افواہیں عوام میں بے چینی پیدا کر سکتی ہیں جن پر پقین کر کے پریشان ہونے کی ہرگز ضرورت نہیں۔ چیف سیکریٹری کی ہدایات پر عمل پیرا ہوتے ہوئے محکمہ صحت جی بی نے تمام تیاریاں مکمل کر لی ہیں، خدانخواستہ کسی بھی مشکل صورت حال سے نمٹنے کے لیے گلگت اور بلتستان ریجن میں خصوصی تیاریاں مکمل کی جا چکی ہیں۔
خبر کا کوڈ : 846735
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش