0
Wednesday 26 Feb 2020 09:16

جیل مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم باضابطہ طور پر محکمہ جیل خانہ جات کو دیدیا گیا

جیل مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم باضابطہ طور پر محکمہ جیل خانہ جات کو دیدیا گیا
اسلام ٹائمز۔ پرل کانٹی نینٹل ہوٹل لاہور میں اقوام متحدہ کے آفس برائے انسداد منشیات و جرائم اور بیورو آف انٹرنیشنل نارکوٹکس اینڈ لا انفورسمنٹ کے تعاون سے قائم کئے جانیوالے جیل مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کا باضابطہ کنٹرول محکمہ جیل خانہ جات پنجاب کے حوالے کرنے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر آئی این ایل کی نمائندہ لارن اے میلنگ، وزیر جیل خانہ جات پنجاب زوار حسین وڑائچ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ داخلہ پنجاب مومن علی آغا، آئی جی جیل خانہ جات پنجاب مرزا شاہد سلیم بیگ، آئی جی جیل خانہ جات سندھ نصرت حسین منگن، آئی جی جیل خانہ جات خیبر پختونخواہ مسعود الرحمان، آئی جی جیل خانہ جات بلوچستان ملک محمد یوسف اور آزاد کشمیر کے آئی جی جیل خانہ جات/ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ مسعود الرحمان بھی موجود تھے۔
 
صوبائی وزیر جیل خانہ جات زوار حسین وڑائچ نے اس اقدام کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام جیل کے انتظامی عمل کے لحاظ سے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا، جس سے پنجاب کی تمام جیلیں ایک دوسرے سے منسلک ہو جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ یو این او ڈی سی اور آئی این ایل جیسے اداروں نے اس منصوبے کیلئے فنڈنگ اور آلات کی دستیابی کو یقینی بنایا ہے جس کا مقصد پنجاب بھر کی جیلوں کو ایک مرکزی نظام سے منسلک کرنا ہے۔ آئی جی جیل خانہ جات پنجاب مرزا شاہد سلیم بیگ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یو این او ڈی سی اور آئی این ایل جیسے اداروں کی پنجاب کی 43 جیلوں میں آٹومیشن پی آئی ایم ایس منصوبے کیلئے فنڈنگ فراہم کرنے کی کاوشوں کو سراہا۔
 
انہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے پنجاب کی تمام جیلوں میں قیدیوں کا ڈیٹا کمپیوٹر کی مدد سے فوری طور پر حاصل کیا جا سکے گا جس سے پریزن مینجمنٹ کی مد میں ٹیکنالوجی کے استعمال سے استعداد کار میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ جیل خانہ جات پنجاب کو مستقبل میں بھی ان اداروں کی سپورٹ درکار ہوگی۔ تقریب میں مقررین نے بتایا کہ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (پی آئی ٹی بی) پنجاب کی تمام جیلوں میں جیل مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم (ای آئی ایم ایس) کو متعارف کرائے گا اور اس نظام کے عملدرآمداور استحکام کی معاونت کیلئے ٹیکنالوجی پارٹرنر کی حیثیت سے بھرپور کام کرے گا۔
 
انہوں نے کہا کہ یو این او ڈی سی نے پی آئی ایم ایس نظام کیلئے ضروری سامان و آلات سمیت ساہیوال میں جیلوں کی آٹومیشن، انسپکٹریٹ جنرل جیل خانہ جات پنجاب اور قیدیوں کی ٹریننگ اکیڈمی کیلئے 200 سے زیادہ کمپیوٹرو یو پی ایس، بائیو میٹرک سسٹم، نیٹ ورکنگ اور فنگر پرنٹ آلات فراہم کئے ہیں۔ قبل ازیں محکمہ جیل خانہ جات پنجاب اور یو این او ڈی سی اور آئی این ایل کے درمیان مفاہمت کی یاد داشت پر آئی جی جیل خانہ جات مرزا شاہد سلیم بیگ نے دستخط کئے۔
خبر کا کوڈ : 846816
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش