0
Wednesday 26 Feb 2020 10:17

قاتل کرونا، چین میں مزید 52 افراد ہلاک

دنیا کو ہر وہ اقدام کرنا چاہیئے جو ایک عالمی وبا کو روکنے کیلئے کیا جاتا ہے
قاتل کرونا، چین میں مزید 52 افراد ہلاک
اسلام ٹائمز۔ چین میں کورونا وائرس نے مزید 52 افراد کی جان لے لی جس کے بعد صرف چین میں اموات کی تعداد 2 ہزار 718 ہو گئی۔ چینی حکام کے مطابق چین سے پھیلنے والے جان لیوا وائرس کورونا سے چین میں ہونے والے ہلاکتوں کی تعداد 2 ہزار 718 ہو گئی جبکہ اب تک 78 ہزار 190 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے، چینی حکام نے بتایا کہ کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد میں سے 29 ہزار 775 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔ جنوبی کوریا میں بھی کورونا وائرس سے متاثر ایک شخص دم توڑ گیا۔ جس کے بعد جنوبی کوریا میں کورونا وائرس سے ہونے والی اموات کی تعداد 12 ہو گئی۔ اٹلی میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 11 ہو گئی۔ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ہونے والی اموات کی تعداد 2 ہزار 764 ہو گئی جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 80 ہزار 997 تک پہنچ گئی۔ وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا کہ دنیا کے 23 ممالک سے تعلق رکھنے والے سائنسدان 2 مارچ کو کراچی میں سر جوڑ کر بیٹھیں گے اور کورونا وائرس کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ فواد چودھری نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کورونا وائرس کسی ایک ملک کا نہیں بلکہ پوری انسانیت کا مسئلہ ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ عالمی تعاون کے ذریعے ہی اس بڑے چیلنج کا سامنا کیا جا سکتا ہے۔ پاکستان میں متعین چینی سفیر یاؤ جنگ کے ہمراہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے دعویٰ کیا تھا کہ کورونا وائرس کے شکار 98 فیصد مریض ازخود ٹھیک ہو سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وائرس وقت کے ساتھ بدلتا رہتا ہے۔

انہوں نے اعتراف کیا تھا کہ کورونا وائرس پر بے پناہ تحقیق (ریسرچ) ہو رہی ہے جس میں کوشش کی جارہی ہے کہ اس مرض کا علاج اور ویکسین تیار کی جائے لیکن تاحال اس کا کوئی علاج دریافت نہیں ہوا ہے۔ دوسری جانب یہ قاتل وائرس افغانستان اور ایران میں بھی پہنچ چکا ہے۔ پاکستان نے متاثرہ افراد کے آنے کے خطرے کے پیش نظر ایران کے ساتھ سرحد بند کر دی ہے۔ ملحقہ اضلاع میں ایمرجنسی بھی نافذ کردی ہے۔ اٹلی میں 10 ساحلی شہروں کو بند کردیا گیا ہے۔ بحری جہاز کو سمندر میں روک دیا گیا ہے، جس میں مبینہ طور پر بڑی تعداد میں کورونا وائرس سے متاثرہ لوگ موجود ہیں۔ بھارت، افغانستان میں بھی کرونا سے متاثرہ افراد ہونے کا خدشہ ہے۔ جنوبی کوریا میں بھی سیکڑوں لوگ اس وائرس کا شکار ہوچکے ہیں۔ اقوام متحدہ کے ادارہ صحت نے دنیا کو خبردار کیا ہے اس وائرس سے بچاؤ کے اقدامات نہ کیے گئے تو بھیانک نتائج سامنے آسکتے ہیں۔ اس ادارے کے سربراہ کہتے ہیں کہ کورونا وائرس کو تاحال عالمی وبا نہیں قرار دیا، لیکن دنیا کے ممالک کو ہر وہ اقدام کرنا چاہیے جو ایک ممکنہ عالمی وبا کو روکنے کےلیے کیا جاتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 846820
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش