0
Wednesday 26 Feb 2020 11:51

شاہد خاقان اور احسن اقبال کی آج رہائی کا امکان

شاہد خاقان اور احسن اقبال کی آج رہائی کا امکان
اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ نواز کے رہنما شاہد خاقان عباسی اور احسن اقبال کی اڈیالہ جیل راولپنڈی سے آج رہائی کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق ضمانتی مچلکے جمع کرانے کے بعد شاہد خاقان عباسی اور احسن اقبال کی رہائی کی روبکار جاری کی جائے گی جسے سپرٹینڈنٹ اڈیالہ جیل راولپنڈی کو بھیجا جائے گا۔ روبکار سپرٹینڈنٹ اڈیالہ جیل کو موصول ہونے کے بعد ہی دونوں لیگی رہنماؤں کی رہائی متوقع ہے۔

اس سے قبل گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے شاہد خاقان عباسی اور احسن اقبال کی رہائی کا حکم دیا تھا۔ ایڈیشنل پراسیکیوٹر نے احسن اقبال کی درخواست ضمانت کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ملزم کے بیرون ملک فرار اور ریکارڈ میں ٹمپرنگ کا بھی خدشہ ہے۔ اس پر عدالت نے حیرانی کا اظہار کیا کہ ملزم کی سرکاری دفتر اور ریکارڈ تک کیسے رسائی ہو سکتی ہے؟ اور اگر ملزم کے فرار کا خدشہ ہے تو ان کا نام ای سی ایل میں ڈال دیں۔

ایڈیشنل پراسیکیوٹر نے عدالت سے کہا کہ اگر احسن اقبال اپنا پاسپورٹ عدالت میں جمع کرائیں تو ضمانت پر کوئی اعتراض نہیں، بعد ازاں عدالت نے احسن اقبال کی ایک کروڑ روپے ضمانتی مچلکوں کے عوض ضمانت بعد از گرفتاری منظور کرتے ہوئے ان کی رہائی کا حکم دیا۔

دوسری جانب سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے ایل این جی کیس میں درخواست ضمانت پر سماعت کی۔

واضح رہے کہ شاہد خاقان عباسی 10 اکتوبر تک جسمانی ریمانڈ پر نیب کی تحویل میں رہے، انہیں 11 اکتوبر کو جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھجوایا گیا تھا۔ نارووال اسپورٹس سٹی کمپلیکس کی نیب انکوائری میں احسن اقبال کو 23 دسمبر کو گرفتار کیا گیا، وہ 19 جنوری تک جسمانی ریمانڈ پر نیب کی تحویل میں رہے جس کے بعد 20 جنوری کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوایا گیا۔
خبر کا کوڈ : 846846
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش