0
Wednesday 26 Feb 2020 13:42

27 فروری, پاک فضائیہ کے تاریخی کارنامے کی یاد میں سرپرائز ڈے کے طور پر منانے کا فیصلہ

27 فروری, پاک فضائیہ کے تاریخی کارنامے کی یاد میں سرپرائز ڈے کے طور پر منانے کا فیصلہ
اسلام ٹائمز۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان سٹینڈ آف کا ایک سال مکمل ہونے پر حکومت پاکستان 27 فروری کو پاک فضائیہ کے تاریخی کارنامے کی یاد میں سرپرائز ڈے کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ سرپرائز ڈے کے موقع پر خصوصی تقریب سے وزیراعظم عمران خان خطاب کریں گے۔ پاک فضائیہ کے شعبہ تعلقات عامہ نے اس حوالے سے ایک نغمہ بھی جاری کر دیا ہے۔ اللہ اکبر کے نام جاری نغمے میں پاک فضائیہ کے شیر دل جوانوں کی بے مثال بہادری کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ہے۔ یہ نغمہ پاکستانی قوم کے عزم و حوصلے کی لازوال داستان ہے جس نے ہر قسم کے مشکل حالات کا جواں مردی سے مقابلہ کیا ہے۔  مایہ ناز گلوکار شجاع حیدر نے اپنے تخلیق کردہ نغمے میں اپنی آواز کا جادو جگایا ہے۔

27 فروری 2019 کو پاک فضائیہ کے شاہینوں نے بھارت کو تاریخی سرپرائز دے کر اسکا گھمنڈ خاک میں ملایا۔ پاکستان نے دو بھارتی طیاروں کو تباہ اور پائلٹ ونگ کمانڈر ابھی نندن کو زندہ گرفتار کیا۔ آپریشن سوفٹ ریٹورٹ کی تاریخی کامیابی پاکستان کے ماتھے کا جھومر ہے اور بھارت 27 فروری کو ہونے والی سبکی کبھی نہیں بھول سکے گا۔ پاک فضائیہ کی تاریخ میں 27 فروری ایک ناقابل فراموش دن کی حیثیت اختیار کر چکا ہے۔ پاک فضائیہ کے شاہینوں نے اسی روز دشمن کے دو لڑاکا طیاروں کو بھی تباہ کیا۔ بھارتی پائلٹ ابھی نندن کا طیارہ آزادکشمیر کے حوراں گاؤں میں گرایا گیا۔ آج وہاں ایک یادگار تعمیر کی گئی ہے۔

یادگار ہمیشہ یاد دلاتی رہے گی کہ دفاع وطن کیلئے عوام اور افواج پاکستان ہمہ وقت تیار ہیں۔ یہ یادگار ہماری مسلح افواج اور عوام کے حوصلوں کی درخشاں ستارہ ہے۔ پاکستانی فوج نے نہ صرف سرحدوں کا دفاع کیا بلکہ عالمی قوانین کے مطابق ابھی نندن کو مقامی آبادی کے غیض وغضب سے بھی بچایا۔ اس دن کی مناسبت سے پاک فضائیہ نے پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس میں ایوی ایشن آرٹس کی نمائش کا انعقاد کیا جس میں نوجوان آرٹسٹس کے فن پارے رکھے گئے۔ مشہور ایوی ایشن آرٹسٹ گروپ کیپٹن ریٹائرڈ حسینی کے فن پارے بھی رکھے گئے ہیں۔
 
خبر کا کوڈ : 846874
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش