0
Wednesday 26 Feb 2020 16:40

کے پی کے، برطرف تینوں وزراء کی فوری واپسی کے راستے بند

کے پی کے، برطرف تینوں وزراء کی فوری واپسی کے راستے بند
اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا کے برطرف کئے جانے والے تینوں وزراء کی فوری واپسی کے راستے بند ہوگئے ہیں۔ وزیراعظم نے بھی گرین سگنل دیدیا۔ وزیراعلٰی کو تمام تر توجہ ترقیاتی منصوبوں اور عوام کو ریلیف کی فراہمی پر مرکوز کرنے کی ہدایت کر دی۔ وزیراعلٰی نے محکمہ کھیل و سیاحت کے رکے ہوئے تمام پراجیکٹس بروقت مکمل کرنے کیلئے متعلقہ حکام کو ڈیڈ لائن دیتے ہوئے کسی قسم کی رعایت نہ کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔ برطرف وزراء اور ان کے بعض حامیوں کی سرگرمیوں پر بھی مرکزی قیادت نے ناپسندیدگی کا اظہار کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پیر کو اسلام آباد میں وزیراعلٰی اور وزیراعظم کی تفصیل سے ون آن ون ملاقات ہوئی۔ وزیراعلٰی نے لنچ بھی وزیراعظم کے ساتھ کیا, اس موقع پر صوبہ کی مجموعی صورتحال اور ترقیاتی منصوبوں پر بھی بات چیت کی گئی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے ایک مرتبہ پھر محمود خان کیلئے اپنی بھر پور حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے انہیں بھر پور تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔ وزیراعلٰی کی خصوصی درخواست پر وزیراعظم عمران خان پشاور میں انڈر 19 مقابلوں کی افتتاحی تقریب میں شرکت بھی کریں گے، جس کیلئے تیاریاں تیز کر دی گئی ہیں۔ ملاقات میں تین برطرف وزراء اور ان کے بعض حامیوں کی سیاسی سرگرمیوں اور ان میں نامناسب نعرہ بازیوں پر مرکزی قیادت نے ناپسندیدگی کا اظہار کیا ہے، جبکہ تینوں وزراء کو فوری طور پر بحال نہ کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ اس دوران ان کی سرگرمیوں کی کڑی مانیٹرنگ کی جائے گی۔ وزیراعلٰی محمود خان جلد ہی صوبہ بھر میں رابطہ مہم اور ورکرز کنونشنز کا سلسلہ شروع کرنے والے ہیں، جس کیلئے ریجنل صدور کو اہم ٹاسک حوالہ کئے جانے والے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 846943
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش