0
Wednesday 26 Feb 2020 19:29

جی بی کی سیاحت میں 100 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری متوقع ہے، علی امین گنڈاپور

جی بی کی سیاحت میں 100 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری متوقع ہے، علی امین گنڈاپور
اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر اُمور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ حکومت جی بی میں سیاحت کی ترقی میں گہری دلچسپی رکھتی ہے اور اس ضمن میں ٹھوس اور موثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جب سے تحریک انصاف کی حکومت برسراقتدار آئی ہے، ملک میں غیر ملکی سیاحوں کی آمد میں خاطر خواہ اضافہ ہو رہا ہے۔ ویزا پالیسی میں نرمی اور برطانیہ، فرانس سمیت دیگر ممالک کی جانب سے مثبت ٹرویلر ایڈوائزری سے ملک میں غیر ملکی سیاحوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ جی بی کا سال کے بارہ ماہ ملک کے دیگر علاقوں سے زمینی رابطہ قائم رکھنا انتہائی ضروری ہے اور اس ضمن میں بابوسر ٹاپ ٹنل کی تعمیر اُن کی اولین ترجیجات میں شامل ہے۔ اس ٹنل کی تعمیر سے گلگت بلتستان میں موسم سرما میں بھی سیاحت کو بھرپور فروغ دیا جا سکے گا۔ سیاحت کے فروغ کے حوالے سے سکردو ائیرپورٹ کو اپ گریڈ کرنے کے اقدامات جاری ہیں جس سے غیر ملکی سیاحوں کی جی بی آمد میں اضافہ ہو گا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ جی بی میں سفر اور رہائش کی بہتر سہولیات کے حوالے سے 80 کے قریب ریسٹ ایریاز بنائے جا رہے ہیں اور پی ٹی ڈی سی موٹیلز میں بہتر سہولیات کی غرض سے اُن کو لیز پر دیا جا رہا ہے۔ علی امین خان گنڈا پور نے کہا کہ سعودی عرب سمیت دُنیا کی کئی بین الاقوامی کمپنیز گلگت بلتستان میں سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کر رہی ہیں اور جی بی میں ہوٹلنگ سمیت سیاحت کے دیگر شعبوں میں تقریباً سو ملین ڈالرز کی غیر ملکی سرمایہ کاری متوقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی جریدوں نے جی بی کو دُنیا کے خوبصورت ترین علاقوں میں شامل کیا ہے اور حکومت ایک منظم اور دیرپا منصوبہ بندی کے ذریعے گلگت بلتستان کو عالمی دُنیا کی سیاحت کا مرکز بنانے کے لیے کوشاں ہے جس سے نہ صرف جی بی میں ترقی و خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو گا بلکہ پاکستان کی معیشت پر بھی بڑے مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔
خبر کا کوڈ : 846963
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش