QR CodeQR Code

شاہراہ قراقرم کو ٹول بنا کر جی بی کے باسیوں کو بلیک میل کرنیکا سلسلہ بند کیا جائے، الیاس صدیقی

26 Feb 2020 20:10

ایم ڈبلیو ایم گلگت بلتستان کے ترجمان کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ ایک اغوا کار کی گرفتاری پر شاہراہ کو بلاک کر کے ایک کمیونٹی کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے والے شخص پر انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا جائے اور قرار واقعی سزا دی جائے۔


اسلام ٹائمز۔ ایم ڈبلیو ایم گلگت بلتستان کے ترجمان محمد الیاس صدیقی نے کہا ہے کہ شاہراہ قراقرم کو ٹول بنا کر جی بی کے باسیوں کو بلیک میل کرنے کا سلسلہ بند کیا جائے۔ ایک اغوا کار کی گرفتاری پر شاہراہ کو بلاک کر کے ایک کمیونٹی کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے والے شخص پر انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا جائے اور قرار واقعی سزا دی جائے۔ ایک بیان میں الیاس صدیقی کا کہنا تھا کہ ایک مجرم کا دوسرے مجرم کی رہائی کیلئے کھلے عام لوگوں کو بغاوت پر اکسانا اور شاہراہ قراقرم کو بلاک کرنے نیز سنگین نتائج کی دھمکیاں دینا ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے کے مترادف ہے۔ مجرم کی دھمکی آمیز ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہے جبکہ پیمرا خاموش تماشائی بنا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شاہراہ قراقرم جی بی کے عوام کیلئے غیر محفوظ ہے، کبھی لوگوں کو بسوں سے اتار کر قتل کیا جاتا ہے تو کبھی گاڑیاں روک کر لوٹا جا رہا ہے اور اب تک درجنوں واقعات رونما ہو چکے ہیں اور کسی واقعہ کے مجرموں کو گرفتار نہیں کیا گیا۔ جب کبھی ایسے مجرم قانون کے شکنجے میں آتے ہیں تو ان کے ساتھی گھیراؤ جلاؤ اور سنگین نتائج کی کھلے عام دھمکیاں دے کر بلیک میل کیا جاتا ہے جو کہ انتہائی تشویشناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک اغواکار جس نے غذر سے دو جوانوں کو اغوا کروایا، اس کی گرفتاری پر شاہراہ قراقرم کو بند کر کے رہائی کا مطالبہ اور ایک کمیونٹی کا نام لیکر دھمکی دینا حکومتی رٹ کو چیلنج کرنے کے مترادف ہے۔ حکومت فی الفور دھمکی دینے والے شخص کو گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دے۔


خبر کا کوڈ: 846974

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/846974/شاہراہ-قراقرم-کو-ٹول-بنا-کر-جی-بی-کے-باسیوں-بلیک-میل-کرنیکا-سلسلہ-بند-کیا-جائے-الیاس-صدیقی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org