0
Wednesday 26 Feb 2020 20:10

شاہراہ قراقرم کو ٹول بنا کر جی بی کے باسیوں کو بلیک میل کرنیکا سلسلہ بند کیا جائے، الیاس صدیقی

شاہراہ قراقرم کو ٹول بنا کر جی بی کے باسیوں کو بلیک میل کرنیکا سلسلہ بند کیا جائے، الیاس صدیقی
اسلام ٹائمز۔ ایم ڈبلیو ایم گلگت بلتستان کے ترجمان محمد الیاس صدیقی نے کہا ہے کہ شاہراہ قراقرم کو ٹول بنا کر جی بی کے باسیوں کو بلیک میل کرنے کا سلسلہ بند کیا جائے۔ ایک اغوا کار کی گرفتاری پر شاہراہ کو بلاک کر کے ایک کمیونٹی کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے والے شخص پر انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا جائے اور قرار واقعی سزا دی جائے۔ ایک بیان میں الیاس صدیقی کا کہنا تھا کہ ایک مجرم کا دوسرے مجرم کی رہائی کیلئے کھلے عام لوگوں کو بغاوت پر اکسانا اور شاہراہ قراقرم کو بلاک کرنے نیز سنگین نتائج کی دھمکیاں دینا ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے کے مترادف ہے۔ مجرم کی دھمکی آمیز ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہے جبکہ پیمرا خاموش تماشائی بنا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شاہراہ قراقرم جی بی کے عوام کیلئے غیر محفوظ ہے، کبھی لوگوں کو بسوں سے اتار کر قتل کیا جاتا ہے تو کبھی گاڑیاں روک کر لوٹا جا رہا ہے اور اب تک درجنوں واقعات رونما ہو چکے ہیں اور کسی واقعہ کے مجرموں کو گرفتار نہیں کیا گیا۔ جب کبھی ایسے مجرم قانون کے شکنجے میں آتے ہیں تو ان کے ساتھی گھیراؤ جلاؤ اور سنگین نتائج کی کھلے عام دھمکیاں دے کر بلیک میل کیا جاتا ہے جو کہ انتہائی تشویشناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک اغواکار جس نے غذر سے دو جوانوں کو اغوا کروایا، اس کی گرفتاری پر شاہراہ قراقرم کو بند کر کے رہائی کا مطالبہ اور ایک کمیونٹی کا نام لیکر دھمکی دینا حکومتی رٹ کو چیلنج کرنے کے مترادف ہے۔ حکومت فی الفور دھمکی دینے والے شخص کو گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دے۔
خبر کا کوڈ : 846974
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش