QR CodeQR Code

شام، ادلب کے مزید 5 اہم علاقے آزاد، جبہۃ النصرہ کے گرد گھیرا تنگ

26 Feb 2020 20:41

شامی افواج اور عوامی مزاحمتی فورسز نے صوبہ ادلب پر قابض بین الاقوامی دہشتگرد گروپس "جبہۃ النصرہ"، "انصار التوحید" اور "الحزب الترکستانی" کو شہر "جبل الزاویہ" کی طرف دھکیل کر متعدد علاقوں کو آزاد کروا لیا ہے اور اگر اس پورے علاقے پر شامی افواج اور عوامی مزاحمتی فورسز کا کنٹرول برقرار ہو جائے تو کورسما، کفرموس، کوکبۃ، فلیلفل، العمیقہ، طنجرہ، الشیخ علی، حورات، الصھریہ اور شہرناز سمیت دسیوں دیہات اور قصبوں پر قابض بین الاقوامی دہشتگردوں کے گرد شامی افواج کا محاصرہ مکمل ہو جائے گا۔


اسلام ٹائمز۔ شامی افواج اور عوامی مزاحمتی فورسز نے ادلب کے متعدد علاقوں کو بین الاقوامی دہشتگردوں کے کنٹرول سے آزاد کروا کے شامی شہر "جبل الزاویہ" پر قابض بین الاقوامی دہشتگردوں کے گرد گھیرا مزید کر دیا ہے۔ بین الاقوامی میڈیا کے مطابق شامی افواج اور عوامی مزاحمتی فورسز نے صوبہ ادلب پر قابض بین الاقوامی دہشتگرد گروپس "جبہۃ النصرہ"، "انصار التوحید" اور "الحزب الترکستانی" کو شہر "جبل الزاویہ" کی طرف دھکیل کر متعدد علاقوں کو آزاد کروا لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق شامی افواج اور عوامی مزاحمتی فورسز نے دہشتگردوں کے خلاف جاری اپنے آپریشن میں اہم شہر حزارین کو دہشتگردوں کے کنٹرول سے آزاد کروا لیا ہے جبکہ انہوں نے گزشتہ روز "جبہۃ النصرہ" نامی دہشتگردوں کے اصلی مرکز "کفرنبل" شہر کو بھی اپنے کنٹرول میں لے لیا تھا۔


ذرائع کے مطابق شامی افواج اور عوامی مزاحمتی فورسز کو کفرنبل اور حزارین پر کنٹرول سنبھالنے کے بعد بین الاقوامی دہشتگردوں کے بڑے مرکز "جبل الزاویہ" شہر کو مکمل طور پر اپنے محاصرے میں لینے کیلئے اب صرف 12 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرنا ہے جبکہ اس شہر کے اردگرد دسیوں قصبے اور دیہات تاحال دہشتگردوں کے قبضے میں ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس بات کا قوی امکان ہے کہ شامی افواج اور عوامی مزاحمتی فورسز اس کے بعد "الفطیرہ" اور "سفوھن" نامی قصبوں سے گزرتے ہوئے مغرب کی طرف پیشقدمی کریں گی تاکہ صوبے کے شمال مغرب میں واقع "العکاوی" اور "القاھرۃ" نامی شہروں تک پہنچ سکیں۔ فوجی تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ اگر اس پورے علاقے میں شامی افواج اور عوامی مزاحمتی فورسز کا کنٹرول برقرار ہو جائے تو کورسما، کفرموس، کوکبۃ، فلیلفل، العمیقہ، طنجرہ، الشیخ علی، حورات، الصھریہ اور شہرناز سمیت دسیوں دیہات اور قصبوں پر قابض بین الاقوامی دہشتگردوں کے گرد شامی افواج کا محاصرہ مکمل ہو جائے گا۔

دوسری طرف دہشتگردوں کے ساتھ منسلک شامی انسانی حقوق کمیشن (ہیومن رائٹس واچ) نے بھی یہ اعلان کیا ہے کہ شامی افواج اور عوامی مزاحمتی فورسز نے حزارین شہر سمیت کورۃ، سحاب، دیرسنبل اور ترملا نامی متعدد دیہات کو بھی اپنے کنٹرول میں لے لیا ہے جبکہ گزشتہ شب اسی ادارے نے یہ خبر بھی دی تھی کہ شامی افواج اور عوامی مزاحمتی فورسز نے کفرنبل شہر سے بھی دہشتگردوں کا کنٹرول ختم کر دیا ہے۔ یاد رہے کہ شامی افواج اور عوامی مزاحمتی فورسز نے تقریبا ایک ماہ قبل شامی صوبوں ادلب اور حلب کو دہشتگردوں کے کنٹرول سے آزاد کروانے کے لئے وسیع آپریشن کے شروع کئے جانے کا اعلان کیا تھا جبکہ اس عرصے کے دوران شامی افواج اپنے آخری مقصد کے کافی قریب پہنچ چکی ہیں۔


خبر کا کوڈ: 846977

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/846977/شام-ادلب-کے-مزید-5-اہم-علاقے-آزاد-جبہۃ-النصرہ-گرد-گھیرا-تنگ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org