0
Wednesday 26 Feb 2020 21:08

دہلی میں حالیہ مسلم کش فسادات نے بھارت کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دی، کاشف شیخ

دہلی میں حالیہ مسلم کش فسادات نے بھارت کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دی، کاشف شیخ
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکرٹری کاشف سعید شیخ نے کہا ہے کہ دہلی میں حالیہ مسلم کش فسادات نے بھارت کی سیکولرازم اور لبرل ازم کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دی ہے۔ اپنے ایک بیان میں کاشف سعید شیخ نے کہا کہ نریندرا مودی، امیت شاہ اور ادیتا یوگی جیسے فاشسٹ اور ہندو دہشتگردوں کی آشیرباد سے آر ایس ایس اور باجپا کے دہشتگرد ٹولوں کو نئی دہلی میں مسلمانوں کی املاک مساجد، مدارس، گھروں، دکانوں کو جلانے اور شیرخوار بچوں، عفت مآب ماﺅں بہنوں سے لیکر نوجوانوں اور نوے سالہ بزرگوں کو گاجر مولی کی طرح کاٹا گیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورے پر دہلی آگ اور خون میں ڈوب گیا، مسلمانوں کے خون سے تین دنوں تک ہولی کھیلی جاتی رہی، لیکن دنیا بھر کے مسلمان ممالک خاموش تماشائی بنے رہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کیخلاف کوئی بھی واقعہ ہو جائے، تو لبرل اور سیکولر این جی اوز، بیرونی آقاﺅں کے اشاروں پر پلنے والے نام نہاد آزاد خیال آسمان اٹھا لیتے ہیں اور پاکستان کو بدنام کرنے کیلئے اقلیتوں سے مظالم کی جھوٹی داستانیں گھڑتے ہیں، لیکن بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں ہونے والے خونی واقعات پر انہیں مذمت کا ایک لفظ بولنے کی بھی ہمت نہیں ہوتی۔

کاشف سعید شیخ نے کہا کہ بھارت سے 25 کروڑ مسلمانوں کو پاکستان کی طرف دھکیلنا اور فسادات کے ذریعے بھارت کی دیگر اقلیتوں اور نچلی ذات کے ہندوؤں کو بھی یہ سبق دینا ہے کہ جو بھی بھارت میں رہے گا، وہ بھاجپا کے ایجنڈا کو من و عن قبول کرے گا، ورنہ بھارت ان کیلئے قبرستان بن جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے حکمرانوں نے ہمیشہ بھارت سے دوستی کی بھیک مانگی، جبکہ بھارت کشمیر کے بعد ہندوستان کے مسلمانوں پر بدترین مظالم اور ہم سے آزاد کشمیر و گلگت بلتستان چھیننے کی بات کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جہاد کو گالی اور جہادی لٹریچر پر پابندی لگانے والے حکمران اگر بھارت کی غلامی کا طوق قوم کے گلے میں ڈالنا چاہتے ہیں، تو یہ ان کی بھول ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ حکمران بھارت میں مظلوم مسلمانوں کے تحفظ اور انہیں بی جے پی کے دہشتگردوں سے تحفظ دینے کیلئے او آئی سی، اقوام متحدہ سمیت دیگر دوست ممالک سے ملکر بھرپور آواز اٹھائیں، تاکہ بھارتی مسلمانوں کی نسل کشی کا سلسلسہ ختم ہو۔
خبر کا کوڈ : 846985
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش