QR CodeQR Code

تمام مذاہب اور مسالک متحد ہوکر دشمن کے عزائم ناکام بنائیں، مولانا عبدالخبیر آزاد

26 Feb 2020 22:08

خانیوال میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بادشاہی مسجد کے خطیب کا کہنا تھا کہ تمام مسالک کے علماء و مشائخ و مفتیان کرام نے پیغام پاکستان کے ذریعے جس یکجہتی کا مظاہرہ کیا اس سے پاکستان کا وقار بلند ہوا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس علمائے پاکستان ضلع خانیوال کے زیراہتمام بلدیہ ہال خانیوال میں خطیب امام بادشاہی مسجد لاہور و مرکزی چیئرمین مجلس علمائے پاکستان مولانا سید عبدالخبیر آزاد کی زیرصدارت پیغام پاکستان امن کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں تمام مکتبہ فکر کے جید علمائے کرام و مذہبی رہنما شریک ہوئے۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا سید عبدا لخبیر آزاد نے کہا کہ پیغام پاکستان پوری قوم کا متفقہ ایجنڈہ اور بیانیہ ہے، مجلس علمائے پاکستان کے تحت پیغام پاکستان امن کانفرنس کا سال 2019ء کامیابی سے مکمل ہوا۔ انہوں نے کہا کہ پیغام پاکستان ہی امن و محبت کا پیغام ہے جسے ہم گھر گھر پہنچا رہے ہیں۔مولانا آزاد نے مزید کہا کہ تمام مسالک کے علما، مشائخ اور مفتیان کرام نے پیغام پاکستان کے ذریعے جس یکجہتی کا مظاہرہ کیا اس سے پاکستان کا وقار بلند ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 22 سو سے زائد جید مفتیان کرام نے دہشت گردی کے خلاف فتوی دیا، یہی پیغام پاکستان کا بیانیہ ہے، ملکی امن، سلامتی، خوشحالی اور استحکام کی ضمانت ہے، پیغام پاکستان نے تمام مسالک اور مذاہب کو اخوت محبت، برداشت اور رواداری کے راستے پر گامزن کرنے میں اپنا کردار ادا کیا ہے۔پاکستان کی سلامتی دفاع اور تحفظ کے لیے حکومت، افواج، علمائے کرام اور پوری قوم ایک پیج پر ہے، ہماری دعائیں حکومت، افواج پاکستان، سیکورٹی اداروں اور پولیس کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اتحاد اور یکجہتی ہی ہماری اساس ہے، جس کے ذریعے پاکستان مضبوط اور مستحکم ہوگا، تمام مسالک اور مذاہب متحد ہو کر دشمن کے عزائم کو ناکام بنائیں گے۔


خبر کا کوڈ: 847007

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/847007/تمام-مذاہب-اور-مسالک-متحد-ہوکر-دشمن-کے-عزائم-ناکام-بنائیں-مولانا-عبدالخبیر-آزاد

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org