QR CodeQR Code

اسطرح کے حالات شاہین باغ کے احتجاج کو بدنام کرنے کیلئے پیدا کئے جارہے ہیں، مظاہرین

27 Feb 2020 11:39

شاہین باغ کے مظاہرین نے یہ بھی کہا کہ شاہین باغ کی مظاہرین پرامن طریقے سے اپنا مظاہرہ جاری رکھیں گی، تحمل اور صبر کے ساتھ اپنے مقصد کے حصول کی کوششیں بھی جاری رکھیں گی۔


اسلام ٹائمز۔ شہریت ترمیمی قانون، این آر سی اور این پی آر کے خلاف احتجاج کرنے والی دہلی شاہین باغ کی مظاہرین نے دہلی کے تشدد کی سخت مذمت اور اس پر زبردست غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔ مظاہرین نے کہا کہ اس طرح کے حالات شاہین باغ کو بدنام کرنے کے لئے پیدا کئے جارہے ہیں تاکہ حکومت اپنے مقصد میں کامیاب ہوسکے لیکن خواتین پرامن طریقے سے اپنا احتجاج جاری رکھیں گی۔ انہوں نے دہلی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جب دہلی جل رہی تھی تو ریاست کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال کہیں سو  رہے تھے۔ مظاہرین نے شاہین باغ احتجاج کو پرامن رکھنے کے عہد کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پورے ملک میں جاری احتجاجی مظاہرے پرامن ہیں اور ہر حال میں اسے پرامن رکھا جانا چاہیئے کیوں کہ اس طرح کے حالات اس لئے پیدا کئے جارہے ہیں تاکہ اس کو بدنام کیا جاسکے اور حکومت اپنے مقصد میں کامیاب ہوسکے۔
 
شاہین باغ کے مظاہرین نے یہ بھی کہا کہ شاہین باغ کی مظاہرین پرامن طریقے سے اپنا مظاہرہ جاری رکھیں گی، تحمل اور صبر کے ساتھ اپنے مقصد کے حصول کی کوششیں بھی جاری رکھیں گی۔ عام آدی پارٹی کے کنوینر اور وزیراعلیٰ اروند کیجریوال کے تئیں سخت غصے کا اظہار کرتے ہوئے شاہین باغ کی مظاہرین نے کہا کہ جب عوام پر مصیبت آئی تو وہ کہیں نظر نہیں آئے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ حالات سنیچر کی رات سے خراب ہورہے تھے جب بی جے پی کے ایک لیڈر نے دھمکی دی تھی۔ دہلی کے عوام نے نفرت کو مسترد کرتے ہوئے امن کو منتخب کیا تھا لیکن تشدد کے دوران امن کے پیامبر کہیں نظر نہیں آئے اور دہلی جلتی رہی۔ انہوں نے مزید کہا کہ عام آدمی پارٹی اور اس کے لیڈران یہ کہہ کر اپنی ذمہ داری سے نہیں بچ سکتے کہ دہلی پولیس ان کے پاس نہیں ہے، دہلی کے وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے یہاں کے عوام کے ساتھ کھڑا ہونا ان کی ذمہ داری ہے اور یہ ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ پولیس کی وحشیانہ کارروائی کے خلاف آواز اٹھائیں۔


خبر کا کوڈ: 847099

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/847099/اسطرح-کے-حالات-شاہین-باغ-احتجاج-کو-بدنام-کرنے-کیلئے-پیدا-کئے-جارہے-ہیں-مظاہرین

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org