0
Thursday 27 Feb 2020 14:14

کورونا وائرس، متاثرہ ممالک کے عوام کیلئے عمرہ اور سیاحت عارضی طور پر معطل

کورونا وائرس، متاثرہ ممالک کے عوام کیلئے عمرہ اور سیاحت عارضی طور پر معطل
اسلام ٹائمز۔ سعودی عرب نے نئے کورونا وائرس سے متاثرہ ممالک کے عوام کے لیے عمرہ اور سیاحت کو عارضی طور پر معطل کردیا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق مسلمانوں کے لیے مذہبی اہمیت کے حامل مکہ اور مدینہ شہر کی خادم سعودی ریاست سالانہ لاکھوں مسلمانوں کی میزبانی کرتی ہے جبکہ حج کے موقع پر اس تعداد میں مزید اضافہ ہوجاتا ہے۔ یہاں واضح رہے کہ سعودی عرب نے گزشتہ برس اکتوبر میں نیا سیاحتی ویزہ متعارف کروایا تھا۔ اس حوالے سے وزارت امور خارجہ نے بیان میں کہا کہ یہ معطلی عارضی ہے تاہم انہوں نے اس کے خاتمے کا وقت نہیں بتایا، ساتھ ہی یہ بات بھی واضح نہیں کہ جولائی کے مہینے میں آنے والا حج اس سے متاثر ہوگا یا نہیں۔ اس کے علاوہ مدینہ منورہ میں مسجد نبوی میں داخلہ بھی معطل کردیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ سعودی عرب میں اس وقت تک کورونا وائرس کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا تاہم اس کے پڑوسی ممالک میں یہ پھیل چکا ہے۔ اپنے بیان میں وزارت خارجہ نے یہ واضح نہیں کیا کہ اس معطلی سے کہ کونسے ممالک اس سے متاثر ہوں گے تاہم ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے صحت حکام اس کا فیصلہ کریں گے کہ وائرس کہاں پر خطرناک حد تک ہے۔ سعودی عرب کے اعلی سیاحتی حکام کا کہنا تھا کہ اکتوبر کے مہینے سے اب تک تقریباً 4 لاکھ سیاحتی ویزا جاری کئے جاچکے ہیں اور 2030 تک سالانہ 10 کروڑ لوگوں کی توجہ اپنی طرف کرنے کا ہدف ہے۔ دوسری جانب وزارت ہوا بازی کی جانب سے جاری اعلامیہ میں بتایا گیا کہ سعودی حکومت کی ہدایات پر پاکستان سے روانہ ہونے والے عمرہ زائرین اور سیاحتی ویزہ رکھنے والے افراد سعودی عرب کے لئے سفر نہیں کر سکیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان پروازیں معمول کے مطابق آپریٹ کی جارہی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب کا اقامہ اور مستقل قیام کی اجازت رکھنے والے افراد سعودی عرب کے لیے سفر کر سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی آئی اے سعودیہ میں مقیم عمرہ زائرین کی وطن واپسی تک اپنی پروازیں معمول کے مطابق جاری رکھے گی۔ اگر اس کورونا وائرس کے آغاز کی بات کی جائے تو یہ چین کے صوبے ہوبے کے شہر ووہان سے پھیلنا شروع ہوا تاہم اب چین میں روزانہ کی بنیاد پر سامنے آنے والے کیسز کو ایران اور اٹلی میں کیسز کی تعداد نے پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ ان دونوں ممالک میں نیا مہلک کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے۔ مذکورہ وائرس سے ایشیا میں کئی سو نئے کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ پاکستان، سویڈن، ناروے، گریس، رومانیہ اور الجیریا میں بھی پہلی مرتبہ کورونا وائرس کا کیس سامنے آگیا ہے۔ ادھر ایشیا سے باہر امریکا می بھی مذکورہ وائرس موجود ہے اور امریکی صحت اتھارٹیز کے پاس اس وقت 59 کیسز سامنے آئے ہیں جن میں زیادہ تر جاپان کے ایک بحری جہاز میں موجود افراد شامل ہیں۔
 
خبر کا کوڈ : 847136
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش