QR CodeQR Code

کرونا وائرس سے بچاؤ، سندھ حکومت نے ہسپتال وقف کرکے کمنشر ہاؤس میں کنٹرول روم قائم کردیا

27 Feb 2020 15:49

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ حالیہ دنوں میں آٹھ ہزار لوگ ایران گئے، کراچی میں 1500 لوگ شناخت کئے جو ایران سے آئے ہیں، متاثرہ علاقوں سے پاکستان آنے والوں میں علامات نہ پائی گئیں تو بھی انہیں پندرہ دن تنہائی میں رکھا جائے گا، ان کے اہلخانہ کو بھی پندرہ دنوں تک آئسولیشن میں رکھا جائے گا۔


اسلام ٹائمز۔ کراچی میں کرونا وائرس کا کیس سامنے آنے کے بعد سندھ حکومت نے بروقت اقدامات اٹھاتے ہوئے ایسے اقدامات کئے ہیں کہ پاکستانیوں کو بھی ان پر تسلی ہوگی۔ صوبائی دارالحکومت کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ایک ہسپتال کو کرونا کے مریضوں کیلئے وقف کردیا ہے اور کمشنر کراچی کے دفتر میں کنٹرول روم قائم کردیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حالیہ دنوں میں آٹھ ہزار لوگ ایران گئے، کراچی میں 1500 لوگ شناخت کئے جو ایران سے آئے ہیں، متاثرہ علاقوں سے پاکستان آنے والوں میں علامات نہ پائی گئیں تو بھی انہیں پندرہ دن تنہائی میں رکھا جائے گا، ان کے اہلخانہ کو بھی پندرہ دنوں تک آئسولیشن میں رکھا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ احتیاطا اسکولوں کو بھی دو دنوں کیلئے بند کردیا گیا ہے۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ ایران سے آنے والی پروازیں بند کرانے کیلئے وفاق سے رابطہ کررہے ہیں کہ صورتحال بہتر ہونے تک تمام پروازیں بند کی جائیں۔

انہوں نے بتایا کہ کراچی میں جس شخص میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی اسے اور اس کے گھر والوں کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے، امید ہے آئندہ پندرہ دنوں میں گرفت پالیں گے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کسی کو کرونا وائرس کی علامات محسوس ہوں تو وہ گھر پر ہی رہے اور ہسپتال رابطہ کرکے بتایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کے انتہائی حساس معاملے کو سیاسی نہ بنایا جائے، میڈیا کے ذریعے پتہ چلا کہ ماسک مہنگے ہوگئے ہیں، مہنگے ملنے سے پتہ چلتا ہے کہ مل رہے ہیں، تاہم یقینی بنائیں گے کہ ان کو اصل قیمت پر فروخت کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ان اقدامات کا مقصد خوف و ہراس پھیلانا نہیں بلکہ احتیاط کرنا ہے۔


خبر کا کوڈ: 847161

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/847161/کرونا-وائرس-سے-بچاؤ-سندھ-حکومت-نے-ہسپتال-وقف-کرکے-کمنشر-ہاؤس-میں-کنٹرول-روم-قائم-کردیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org