QR CodeQR Code

جماعت اسلامی کا 6 مارچ کو مہنگائی کیخلاف سندھ بھر میں احتجاجی مظاہروں کا اعلان

27 Feb 2020 16:57

پریس کانفرنس کرتے ہوئے جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا کہ تبدیلی کی دعویدار حکومت عوامی مسائل کے حل، مہنگائی کے کنٹرول سمیت ڈلیور کرنے میں ناکام رہی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے جمعہ 6 مارچ کو مہنگائی کے خلاف سندھ بھر میں احتجاجی مظاہروں کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومتی بلند و بانگ دعوؤں کے باوجود روزانہ بڑھتی ہوئی مہنگائی نے عام آدمی کو سخت پریشان کر دیا ہے، گذشتہ چند سالوں کے دوران صرف سندھ میں 1300 سے زیادہ لوگوں نے خودکشی کی ہے، جس میں دیگر عوامل کے علاوہ مہنگائی بھی ایک اہم سبب ہے، ہر پاکستانی شہری ایک لاکھ 58 ہزار روپے کا مقروض ہے۔ حیدرآباد پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محمد حسین محنتی نے کہا کہ جماعت اسلامی نے 20 فروری سے مہنگائی کے خلاف" مار گئی مہنگائی" کے سلوگن سے سینیٹر سراج الحق کی قیادت میں مہم شروع کر دی ہے، جس میں مہنگائی کے خلاف مظاہرے اور حکومت کی عوام دشمن معاشی پالیسیوں سے قوم کو آگاہ کیا جائے گا، اس حوالے سے 15 مارچ کو اندرون سندھ کے شہر کندھ کوٹ میں ’مار گئی مہنگائی‘ کانفرنس کا انعقاد اور مرکزی رہنما لیاقت بلوچ خطاب کریں گے، 22 مارچ کو سندھ بھر میں مہنگائی کے خلاف ریلیاں، احتجاجی کیمپ کا انعقاد، جبکہ 15 سے 19 مارچ امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق سندھ کا پانچ روزہ دورہ کریں گے۔

محمد حسین محنتی نے کہا کہ بدانتظامی اور کرپشن کی وجہ سے تیل، گیس اور کوئلہ سمیت قدرتی دولت سے مالا مال سندھ کے عوام غربت و افلاس کی عملی تصویر بنے ہوئے ہیں، تبدیلی کی دعویدار حکومت عوامی مسائل کے حل، مہنگائی کے کنٹرول سمیت ڈلیور کرنے میں ناکام رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریکارڈ قرضے، بے تحاشہ سود اور آئی ایم ایف کی غلامی اختیار کرنے باوجود ملک مزید مقروض اور عام آدمی صاف پانی، صحت، تعلیم جیسی بنیادی سہولیات سے بھی محروم ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی اور حکومت کی ناکام معاشی پالیسیوں کی وجہ سے ملک بدحال اور عوام بے حال ہو چکے ہیں، مسائل سے نجات اور معاشی ترقی کا واحد حل شریعت کا نظام اور سودی لعنت کا خاتمہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت کراچی سے کشمور پورے سندھ میں امن و امان کی صورتحال خراب، شہر گندگی کا ڈھیر اور کرپشن کا راج ہے۔ انہوں نے کہا کہ سب سے زیادہ کرپشن کے مقدمات بھی یہاں کے حکمرانوں کے خلاف درج ہیں، صوبے کی تعمیر و ترقی اور شہروں کی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے بلدیاتی اداروں کو مالی و انتظامی اختیارات دیئے جائیں، این ایف سی ایوارڈ میں سندھ کو اپنا جائز حق دیا جائے۔


خبر کا کوڈ: 847173

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/847173/جماعت-اسلامی-کا-6-مارچ-کو-مہنگائی-کیخلاف-سندھ-بھر-میں-احتجاجی-مظاہروں-اعلان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org