QR CodeQR Code

بھارتی مسلمانوں کیساتھ ہونیوالے ظلم و ستم پر عالم اسلام کی خاموشی افسوسناک ہے، جے یو پی

27 Feb 2020 19:05

او آئی سی کو بھارت میں بسنے والے مسلمانوں کی آواز بننا چاہیئے، مساجد، مدارس اور مسلمانوں کی بستیوں پر انتہا پسند ہندو تنظیم آر ایس ایس کے غنڈوں کیساتھ بھارتی پولیس بھی نہتے شہریوں کو نشانہ بنا رہی ہے اور ہندوتوا جیسے متعصبانہ رویوں کی بنیاد پر ظلم کیا جارہا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی سینئر رہنما پیر سید محمد محفوظ مشہدی اور جے یو پی کے سیکرٹری جنرل مولانا سردار محمد خان لغاری نے کہا ہے کہ بھارتی مسلمانوں کیساتھ ہونیوالے ظلم و ستم پر عالم اسلام کی خاموشی افسوسناک ہے، او آئی سی کو بھارت میں بسنے والے مسلمانوں کی آواز بننا چاہیئے، مساجد، مدارس اور مسلمانوں کی بستیوں پر انتہا پسند ہندو تنظیم آر ایس ایس کے غنڈوں کیساتھ بھارتی پولیس بھی نہتے شہریوں کو نشانہ بنا رہی ہے اور ہندوتوا جیسے متعصبانہ رویوں کی بنیاد پر ظلم کیا جارہا ہے، ایسا رویہ مسلمانوں کیخلاف پہلا نہیں ہے، پہلے بھی گجرات میں ظالم مودی کے دور میں مظالم جاری رہے ہیں، یہ باتیں انہوں نے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہیں۔

پیر محفوظ مشہدی نے افسوس کا اظہار کیا کہ مسلم حکمرانوں کو کسی قسم کی فکر ہی نہیں کہ مقبوضہ کشمیر اور بھارت کے اندر مسلمانوں کیساتھ ظلم و ستم ہو رہا ہے، عالمی برادری خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے، مسیحی اور یہودیوں کیخلاف دنیا میں ہونیوالے کسی بھی واقعہ پر واویلا کرنیوالی انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں بھی خاموش ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مسلمان ممالک خاص طور او آئی سی اور عرب لیگ غیرت ایمانی کا مظاہرہ کریں اور امت واحدہ کا ثبوت دیتے ہوئے بھارت میں مسلمانوں کے قتل عام پر احتجاج ریکارڈ کروائیں، مگر افسوس ابھی تک کچھ نہیں کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان کو بھی بھارت سے شدید احتجاج کرنا چاہیئے، محض بیان بازی کافی نہیں، پاکستانی عوام کی نمائندگی کرتے ہوئے حکمرانوں کو بھارتی مسلمانوں کی آواز بننا ہوگا۔


خبر کا کوڈ: 847194

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/847194/بھارتی-مسلمانوں-کیساتھ-ہونیوالے-ظلم-ستم-پر-عالم-اسلام-کی-خاموشی-افسوسناک-ہے-جے-یو-پی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org