0
Thursday 27 Feb 2020 21:42

بھارت کے جارحانہ رویئے سے خطے کو خطرہ ہے، ترجمان پاک فوج

بھارت کے جارحانہ رویئے سے خطے کو خطرہ ہے، ترجمان پاک فوج
اسلام ٹائمز۔ پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا ہے کہ 26 فروری کو بھارت نے ناکام اور بزدلانہ کارروائی کی تاہم دفاع وطن کے لئے پاک فوج ہمہ وقت تیار ہے جبکہ بھارت اندرونی شورش سے توجہ ہٹانے کے لئے کھیل کھیل رہا ہے۔ راولپنڈی میں پریس کانفرنس کے دوران ترجمان پاک فوج میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا تھا کہ آپ سب کو 27 فروری کا دن مبارک ہو، 27 فروری کا دن تاریخ میں روشن باب ہے، تمام غازیوں کی بہادری کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، 26 فروری کو بھارت نے ناکام اور بزدلانہ کارروائی کی تاہم پاک فوج نے دن کی روشنی میں موثر جواب دیا، دشمن کے 2 لڑاکا طیارے مار گرائے اور ایک پائلٹ کو گرفتار کیا گیا۔ میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا تھا کہ بھارت کے جارحانہ رویے سے خطے کو خطرہ ہے، مشرقی سرحد پر بھارت کی طرف سے خطرات درپیش ہیں تاہم عزت اور وقار کی کوئی قیمت نہیں، دفاع وطن کے لیے پاک فوج ہمہ وقت تیار ہے، ہم اپنی سالمیت اور خودمختاری کے دفاع کے لئے بھی تیار ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ایل او سی پر شرانگیزیوں میں اضافہ ہوا ہے، بھارت رواں سال ایل او سی کی 384 خلاف ورزیاں کر چکا ہے جس کے نتیجے میں  2 شہری شہید اور 30 زخمی ہوچکے ہیں جبکہ اندرونی شورش سے توجہ ہٹانے کے لئے بھارت کھیل کھیل رہا ہے۔ میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا تھا کہ اگر پاکستان کی سلامتی کو چیلنج کیا گیا تو مسلح افواج کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، 2 ایٹمی طاقتوں میں جنگ کی گنجائش نہیں ہوتی، اگر خطے میں جنگ چھڑی تو اس کے غیرمعمولی نتائج نکلیں گے، ہماری کوشش ہے کہ امن کا راستہ اپنایا جائے، بھارت کے تمام بیانات کو سنجیدگی سےدیکھ رہے ہیں اور بھارت کی تمام تیاریوں پر بھی نظر رکھے ہوئے ہیں۔

ترجمان پاک فوج میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ آپریشن ردالفساد کو 3 سال ہوگئے، اس دوران 1200 سے زائد چھوٹے بڑے آپریشن کیے گئے جس میں ہزار سے زائد دہشتگردوں کو مار دیا گیا یا پکڑے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن ردالفساد دائمی امن کے لیے اہم ترین مرحلہ ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 80 ہزار جانوں کی قربانیاں اور 180 ارب ڈالر کا نقصان ہوا۔ ترجمان پاک فوج نے کہا کہ جدوجہد آزادی میں کشمیریوں کے ساتھ ہمیشہ رہیں گے، مسئلہ کشمیر کا حل نہ صرف ہمارا قومی مفاد ہے بلکہ قومی سلامتی کا ضامن بھی ہے جبکہ ملکی قیادت نے مسئلہ کشمیر کو ہر جگہ پر اجاگر کیا ہے، کشمیر کا مسئلہ ایک بین الاقوامی تسلیم شدہ تنازع ہے جہاں بھارت نے 73 سال سے ظلم و ستم کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے، مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کی نسل کشی کی جا رہی ہے جبکہ دنیا بھر میں بھارت کے خلاف مظاہرے ہو رہے ہیں، سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس نے بھی دورہ پاکستان کے دوران مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پاسداری پر زور دیا، مقبوضہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قرردادوں کے مطابق ہونا چاہیے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے صرف 2 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ ارد گرد تمام ممالک میں کرونا وائرس پھیل رہا ہے، کورونا وائرس سے متعلق وزارت صحت بہتر طریقے سے کام کر رہی ہے تاہم اس معاملے میں مدد کے لیے تیار ہیں۔27 فروری کسی بھی جارحیت کے خلاف مسلح افواج کے عزم کی یاد گار ہے، اس سے قبل سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ 27 فروری کسی بھی جارحیت کے خلاف مسلح افواج کے عزم کی یاد گار ہے، اس دن ہم نے ثابت کیا کہ دشمنوں کی جارحیت کو ہمیشہ شکست دی جائے گی اور دشمن ہمارے جرات مندانہ ردعمل سے حیران رہ جائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 847212
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش