0
Thursday 27 Feb 2020 22:35

چین اور ایران سے واپس آنیوالے جی بی کے تمام مسافروں کی سکریننگ کا فیصلہ

چین اور ایران سے واپس آنیوالے جی بی کے تمام مسافروں کی سکریننگ کا فیصلہ
اسلام ٹائمز۔ گلگت بلتستان میں کرونا وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ سے نمٹنے اور لائحہ عمل مرتب کرنے کے لئے چیف سیکرٹری جی بی کیپٹن ریٹائرڈ محمد خرم آغا کی صدارت صوبائی سٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں یہ بات زیر غور آئی کہ بعض ٹی وی چینلز پر گلگت بلتستان میں کرونا وائرس پھیلنے کے بارے میں گمراہ کن خبریں چل رہی ہیں جو کہ حقائق کے برعکس ہیں۔ محکمہ صحت کے ذمہ داران نے بتایا کہ جی بی میں اب تک کرونا وائرس سے متاثرہ کوئی مریض نہیں ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایران سے واپس آنے والے زائرین اور ہمسایہ ملک چین کا سفر کر کے واپس آنے والے افراد کو اسلام آباد میں مکمل سکریننگ کے بعد ہی جی بی واپس آنے کی اجازت دی جائے گی۔ ممکنہ پھیلاؤ کو روکنے کے لئے جی بی کے انٹری پوائٹس پر سکریننگ کا نظام قائم کر دیا گیا ہے۔ گلگت ایئرپورٹ اور سکردو ایئرپورٹ پرخصوصی طور پر تعینات ڈاکٹرز، سول ایوی ایشن کا عملہ اور ضلعی انتظامیہ کا عملہ اسلام آباد سے آنے والے مسافروں کی جانچ پڑتال کرے گا۔

شاہراہ قراقرم پر بھی راولپنڈی اور ملک کے دیگر علاقوں سے آنے والے مسافروں کی مکمل سکریننگ کی جائے گی۔ کسی بھی مشتبہ مریض کی نشاندہی ہونے کی صورت میں ان مریضوں کو  فوری طور پر متعلقہ علاقے میں قائم خصوصی آئسولیشن وارڈز میں منتقل کیا جائے گا اور ان کی مکمل طبی دیکھ بھال کی جائے گی۔ اجلاس میں محکمہ صحت کے ذمہ داران نے بتایا کہ گلگت میں دنیور ہسپتال اور بسین ہسپتال میں خصوصی آئسولیشن وارڈز قائم کئے جا چکے ہیں، سی ایم ایچ، آغا خان میڈیکل ہسپتال، ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال میں کرونا کے مشتبہ مریض سامنے آنے کی صورت میں ان مریضوں کو فوری طور پر بسین یا محمد آباد دنیور میں واقع خصوصی آئسولیشن سنٹرز منتقل کیا جائے گا اور ان کے خون اور دیگر نمونے معائنے کے لئے فوری طور پر نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ اسلام آباد بھجوائے جائیں گے تاکہ مزید پڑتال کی جا سکے۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری کو آگاہ کیا گیا کہ بلتستان میں بھی گمبہ سکردو میں قائم بینظیر شہید میموریل ہسپتال میں خصوصی آئسولیشن وارڈ قائم کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال دیامر میں چلڈرن ونگ میں علیحدہ سے آئسولیشن وارڈ کا قیام بھی عمل میں لایا جا چکا ہے۔ ہنگامی بنیادوں پر ان وارڈز کے لئے ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف کو پرسنل پروٹیکشن کٹ بھی مہیا کر دی گئی ہے۔

اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ صحت سمیت تمام ریجن کے ڈائریکٹر ہیلتھ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز اور متعلقہ حکام نے شرکت کی اور تمام اضلاع میں جاری تیاریوں کے بارے میں چیف سیکریٹری کو آگاہ کیا۔ سٹیرنگ کمیٹی کے اجلاس میں آئی جی گلگت بلتستان  ڈاکٹر مجیب الرحمٰن خان سمیت سیکرٹری داخلہ چوہدری محمد علی رندھاوا، سیکرٹری سروسز و جنرل ایڈمنسٹریشن ظفر وقار تاج، سیکرٹری تعلیم اختر حسین رضوی، سیکرٹری اطلاعات فدا حسین سمیت دیگر تمام اداروں کے انتظامی سربراہان نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ جی بی میں مرض پر نظر رکھنے کے لئے خصوصی سیل کا قیام عمل میں لایا گیا ہے اور ڈاکٹر شاہ زمان کو فوکل پرسن مقرر کر دیا گیا ہے۔ چیف سیکرٹری نے محکمہ صحت کے ذمہ داران کو سختی سے ہدایت کی کہ اس سلسلے کوئی کوتاہی نہ برتی جائے اور بروقت تمام انتظامات مکمل کئے جائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ وائرس کیسز کی تشخیص کے لئے محکمہ صحت ضروری مشینوں اور حفاظتی کٹس کی خریداری بھی ہنگامی طور پر مکمل کرے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ احتیاطی تدابیر کے طور پر سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کو 29 فروری تک بند رکھا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 847231
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش