QR CodeQR Code

بھارت میں مسلمانوں پر ظلم ہورہا ہے، عالمی برادری خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے، علامہ رضی جعفر نقوی

28 Feb 2020 15:55

ایک بیان میں صدر جعفریہ الائنس نے کہا کہ مسلمان ممالک خاص طور پر او آئی سی اور عرب لیگ غیرت ایمانی کا مظاہرہ کریں اور امت واحدہ کا ثبوت دیتے ہوئے بھارت میں مسلمانوں کے قتل عام پر احتجاج ریکارڈ کروائیں مگر افسوس ابھی تک کچھ نہیں کیا گیا، حکومت پاکستان کو بھی بھارت سے شدید احتجاج کرنا چاہیئے۔


اسلام ٹائمز۔ جعفریہ الائنس پاکستان کے صدر علامہ سید رضی جعفر نقوی نے کہا ہے کہ بھارتی مسلمانوں کے ساتھ ہونے والے ظلم و ستم پر عالم اسلام کی خاموشی افسوسناک ہے، او آئی سی کو بھارت میں بسنے والے مسلمانوں کی آواز بننا چاہیئے، بھارت میں مساجد، مدارس اور مسلمانوں کی بستیوں پر انتہا پسند ہندو تنظیم آر ایس ایس کے غنڈوں کے ساتھ بھارتی پولیس بھی نہتے شہریوں کو نشانہ بنا رہی ہے اور ہندوتوا جیسے متعصبانہ رویوں کی بنیاد پر ظلم کیا جارہا ہے، ایسا رویہ مسلمانوں کے خلاف پہلا نہیں ہے، پہلے بھی گجرات میں ظالم مودی کے دور میں مظالم جاری رہے ہیں، مسلم حکمرانوں کو کسی قسم کی فکر ہی نہیں کہ مقبوضہ کشمیر اور بھارت کے اندر مسلمانوں کے ساتھ ظلم و ستم ہورہا ہے، عالمی برادری خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔

علامہ رضی جعفر نقوی نے مزید کہا کہ مسیحی اور یہودیوں کے خلاف دنیا میں ہونے والے کسی بھی واقعہ پر واویلا کرنے والی انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں بھی خاموش ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مسلمان ممالک خاص طور پر او آئی سی اور عرب لیگ غیرت ایمانی کا مظاہرہ کریں اور امت واحدہ کا ثبوت دیتے ہوئے بھارت میں مسلمانوں کے قتل عام پر احتجاج ریکارڈ کروائیں، مگر افسوس ابھی تک کچھ نہیں کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان کو بھی بھارت سے شدید احتجاج کرنا چاہیئے، محض بیان بازی کافی نہیں، پاکستانی عوام کی نمائندگی کرتے ہوئے حکمرانوں کو بھارتی مسلمانوں کی آواز بننا ہوگا۔


خبر کا کوڈ: 847313

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/847313/بھارت-میں-مسلمانوں-پر-ظلم-ہورہا-ہے-عالمی-برادری-خاموش-تماشائی-بنی-ہوئی-علامہ-رضی-جعفر-نقوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org