0
Friday 28 Feb 2020 18:38

جب یونیورسٹی کی رینکنگ بہتر ہونے لگتی ہے، تصادم کروا دیا جاتا ہے، رجسٹرار پنجاب یونیورسٹی

جب یونیورسٹی کی رینکنگ بہتر ہونے لگتی ہے، تصادم کروا دیا جاتا ہے، رجسٹرار پنجاب یونیورسٹی
اسلام ٹائمز۔ پنجاب یونیورسٹی میں طلباء کے حالیہ تصادم پر  پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ نے معاملے کو یونیورسٹی کیخلاف سازش قرار دیدیا۔ رجسٹرار پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر خالد خان کا کہنا ہے کہ یونیورسٹی کی رینکنگ جب بھی بہتر ہونے لگتی ہے تو تصادم کروا دیا جاتا ہے۔ پنجاب یونیورسٹی میں آج ہونیوالے تصادم پر رجسٹرار ڈاکٹر خالد خان، چیئرمین ہال کونسل ڈاکٹر عابد حسین، چیکر سکیورٹی آفیسر اور اقامتی آفیسرز نے پریس کانفرنس کی۔ ڈاکٹر خالد خان کا کہنا تھا کہ پشتون ایجوکیشنل ڈیویلپمنٹ موومنٹ اور پنجابی کونسل کی جمعیت کیساتھ لڑائی ہوئی، لڑائی میں ملوث طلباء کیخلاف سخت کارروائی ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ طلباء تنظیموں میں عدم برداشت ہے، برداشت نہ ہونے کیوجہ سے لڑائیاں ہوتی ہیں اور یونیورسٹی میں کچھ گروہ اپنے مفادات کیلئے بلیک میل کرتے ہیں۔ رجسٹرار کا کہنا تھا کہ سو سے ڈیڑھ سو طلباء 47 ہزار طلباء کو نقصان پہنچاتے ہیں اور ان میں سے متعدد طلباء کے داخلے یونیورسٹی نے منسوخ کر رکھے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب یونیورسٹی کی رینکنگ جب بھی بہتر ہوتی ہے تو تصادم کرا دیا جاتا ہے۔ انتظامیہ نے گزشتہ ایک سال میں بلوچستان، پختونخواہ، پنجاب کے طلباء کو پروگرامز کرانے کی اجازت دی۔ انھوں نے بتایا کہ بلوچستان سے 500 طلباء پنجاب یونیورسٹی میں زیر تعلیم ہیں لیکن یہ سب لڑنے والے نہیں ہیں۔ رجسٹرار نے کہا کہ پنجابی کونسل کے کارکنوں نے چیف سکیورٹی آفیسر اور ملازمین کو بھی مارا۔

رجسٹرار نے الزام عائد کیا ہے کہ یہ طلباء ایف سی کالج سے پنجاب یونیورسٹی آتے ہیں جس میں وہاں کے اساتذہ بھی ملوث ہیں۔ ڈاکٹر خالد خان نے بتایا کہ پولیس کی نفری یونیورسٹی ہاسٹل تعینات کر دی گئی ہے ، اس موقع پر چیف سکیورٹی آفیسر نے کہا کہ ذاتی رنجش پر لڑائی شروع ہوتی ہے اور پھر تنظیموں تک پہنچ جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج سے طلباء کی نشاندہی کر کے کارروائی کر دی جائے گی۔ تصادم کے بعد یونیورسٹی میں پولیس کی نفری تعینات ہے جبکہ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تدریسی سرگرمیاں روٹین کے مطابق جاری رہیں گی۔ 
خبر کا کوڈ : 847342
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش