QR CodeQR Code

نریندر مودی تمام اخلاقی حدیں عبور کر چکا ہے، عبدالغفار روپڑی

28 Feb 2020 19:08

جے اے پی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ ہندوستان کو اینٹ کا جواب پتھر سے دیا جائے، مقبوضہ کشمیر میں 197 دنوں سے کرفیو نافذ ہے، لوگوں کو غیر قانونی حراست میں رکھا جا رہا ہے، اقوام متحدہ کو اس حوالے سے ٹھوس اقدام کرتے ہوئے اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کروانا ہو گا۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اہلحدیث پاکستان کے امیر حافظ عبدالغفار روپڑی نے کہا ہے کہ بھارتی گجرات میں مسلمانوں کا قتل عام کرنیوالا بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اپنی تمام اخلاقی حدود کو عبور کر چکا ہے، اب وقت آ گیا ہے کہ ہندوستان کو اینٹ کا جواب پتھر سے دیا جائے، مقبوضہ کشمیر میں 197 دنوں سے کرفیو نافذ ہے، لوگوں کو غیر قانونی حراست میں رکھا جا رہا ہے، اقوام متحدہ کو اس حوالے سے ٹھوس اقدام کرتے ہوئے اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کروانا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت آرٹیکل 370 اور متنازع شہریت قانون پر ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کر رہی ہے، اگر عالمی برادری اب بھی نہ جاگی تو بہت دیر ہو جائے گی، حکومت کرونا وائرس  سے بچاؤ کیلئے فوری اقدامات کرے اور اس حوالے سے خوف و ہراس بھی پھیلانے سے گریز کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں جامع القدس چوک دالگراں میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ  بھارت میں شہریت قانون کیخلاف مسلمانوں سمیت تمام اقلیتیں طویل عرصے سے احتجاج کر رہی تھیں، مگر امریکی صدر ٹرمپ کی آمد پر اس احتجاج کو کچلنے کیلئے مودی سرکار نے آر ایس ایس کے غنڈوں کو جلاو گھیراو اور قتل عام کی چھوٹ دے دی، پولیس اور دیگر فورسز نے مسلمانوں کو تحفظ دینے کی بجائے آر ایس ایس کا ساتھ دیا۔ ہندوستان دہشتگردی کو پروان چڑھا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی سرکار انڈیا میں انتہا پسند تنظیم آر ایس ایس کا ایجنڈا اکھنڈ بھارت نافذ العمل کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر متنازعہ علاقہ اور 80 لاکھ کشمیری اپنا مستقبل پاکستان کیساتھ جوڑنا چاہتے ہیں۔ بھارت نے 72 برسوں سے مقبوضہ کشمیر پر غاصبانہ قبضہ جما رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کو اس مسئلے کے پائیدار حل کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔


خبر کا کوڈ: 847350

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/847350/نریندر-مودی-تمام-اخلاقی-حدیں-عبور-کر-چکا-ہے-عبدالغفار-روپڑی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org