QR CodeQR Code

جنرل قاسم سلیمانی کی ٹارگٹ کلنگ، جرمن پارلیمنٹیرینز کا انجیلا مرکل کیخلاف کارروائی کا اعلان

28 Feb 2020 19:30

جرمن پارلیمنٹ میں بائیں بازو کے اتحاد نے جنرل سلیمانی کی ٹارگٹ کلنگ میں شراکتداری پر انجیلا مرکل حکومت کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کا اعلان کیا ہے جبکہ انہوں نے مغربی جرمنی کی رامسٹائن ایئر بیس کو بھی جرمن حکومت کے ساتھ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کا فریق بنایا ہے جہاں نصب سٹیلائیٹ کمیونیکیشن یونٹ افریقہ اور وسطی ایشیاء میں امریکی ڈرون طیاروں کو خدمات فراہم کرتا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ ایرانی سپاہ قدس کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کی امریکی ہوائی حملے میں ٹارگٹ کلنگ میں جرمن حکومت کی شراکت پر جرمن پارلیمنٹ میں بائیں بازو کے اتحاد نے جرمن چانسلر انجیلا مرکل کی حکومت کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ فرینکفرٹ سے فرانسیسی خبررساں ایجنسی کے مطابق جرمن پارلیمنٹیرینز کے بائیں بازو کے اتحاد نے مغربی جرمنی کی رامسٹائن ایئر بیس کو بھی جرمن حکومت کے ساتھ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کا فریق بنایا ہے جہاں نصب سٹیلائیٹ کمیونیکیشن یونٹ افریقہ اور وسطی ایشیاء میں امریکی ڈرون طیاروں کو خدمات فراہم کرتا ہے۔

بائیں بازو کے جرمن اتحاد کے سربراہ الیگزینڈر نیو نے اس حوالے سے کہا ہے کہ امریکی ڈرون طیاروں (جن کے ذریعے جنرل سلیمانی کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا گیا) کو ملنے والے سیٹیلائٹ سگنلز صرف اور صرف مغربی جرمنی میں واقع رامسٹائن ایئربیس کے ذریعے ہی بھیجے جا سکتے ہیں۔ جرمن حکومت کے خلاف الیگزینڈر نیو کی طرف سے انکی ویب سائٹ پر پوسٹ کی جانے والی قانونی شکایت کی درخواست میں جرمن چانسلر انجیلا مرکل، وزیر خارجہ ہیکو ماس اور جرمن وزیر دفاع کریمپ کیرنباور کو بھی فریق قرار دیا گیا ہے۔

الیگینڈر نیو کا کہنا ہے کہ جنرل قاسم سلیمانی کی ٹارگٹ کلنگ پر مبنی امریکی ڈرون حملے میں مشارکت سے کم از کم یہ ثابت ہو جاتا ہے کہ جرمنی کی فیڈرل حکومت نے پوری دنیا پر مسلط امریکی غیرقانونی ڈرون جنگ میں حصہ لے کر بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کی ہے۔ واضح رہے کہ مغربی جرمنی میں واقع رامسٹائن ایئربیس کی امریکہ کیساتھ مشارکت کے بارے میں جرمن عدالت پہلے ہی حکومت سے یہ ضمانت لے چکی ہے کہ رامسٹائن ایئربیس کے ذریعے انجام دی جانیوالی کارروائیوں میں امریکہ کی طرف سے بین الاقوامی قوانین کی مکمل پابندی کی جائے گی۔

یاد رہے کہ ایرانی سپاہ قدس کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی اور عراقی حشد الشعبی کے ڈپٹی کمانڈر ابومہدی المہندس کو متعدد رفقاء سمیت  بغداد ایئرپورٹ سے نکلتے ہوئے امریکی ڈرون طیاروں کے ذریعے ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنا دیا گیا تھا جس کے جواب میں ایرانی ایروسپیس فورس نے عراق کے اندر واقع سب سے بڑے امریکی فوجی اڈے کو اپنے 13 بیلسٹک میزائلوں کا نشانہ بنایا تھا جس میں رپورٹس کے مطابق 80 امریکی فوجی ہلاک اور 250 سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔


خبر کا کوڈ: 847354

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/847354/جنرل-قاسم-سلیمانی-کی-ٹارگٹ-کلنگ-جرمن-پارلیمنٹیرینز-کا-انجیلا-مرکل-کیخلاف-کارروائی-اعلان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org