QR CodeQR Code

نواز شریف وطن واپس آ گئے تو حکومت کو لینے کے دینے پڑ جائیں گے، احسن اقبال

28 Feb 2020 19:27

نجی ٹی وی کیساتھ گفتگو میں اپوزیشن رہنماء نے وزیراعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو رشتوں کا احساس نہیں ہے، جب باپ بیمار ہو تو بیٹی تڑپتی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما و سابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ نوازشریف کی بیماری کو متنازع بنانا بدترین سیاست ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف بہت خوددار انسان ہیں، اگر حکومت نے کوئی ایسی صورتحال بنائی تو وہ اپنا علاج چھوڑ کر پاکستان آ جائیں گے، پھر حکومت کو لینے کے دینے پڑ جائیں گے۔ انہوں نے وزیراعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو رشتوں کا احساس نہیں ہے، جب باپ بیمار ہو تو بیٹی تڑپتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز کی ضمانت میرٹ پر منظور ہوئی ہے، انہیں زبردستی ای سی ایل پر رکھنا غلط ہے، ہائی کورٹ میں ان کا کیس چل رہا ہے امید ہے انہیں باہر جانے کی اجازت دی جائے گی۔

قائد حزب اختلاف کی واپسی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی صحت یابی تک شہباز شریف کو ان کے ساتھ رہنا چاہیے۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ حکومت کو بجٹ بنانے کا موقع دینا چاہیے، عوام کوپتہ چلنا چاہیے کہ انہوں نےکتنی تباہی مچا دی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جیل میں دو ماہ میں اتنی کتابیں پڑھیں جتنی پانچ سال میں نہیں پڑھ سکا، سوشل میڈیا پر مجھے ارسطو کہا جاتا ہے اب میں واقعی ارسطو بن گیا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ 2014ء میں پی ٹی آئی رہنماؤں پر دہشت گردی کے مقدمے بنتے تھے، تاہم مسلم لیگ (ن) نے اپنے دور حکومت میں کسی کے خلاف بھی کوئی انتقامی کارروائی نہیں کی۔
 


خبر کا کوڈ: 847355

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/847355/نواز-شریف-وطن-واپس-ا-گئے-حکومت-کو-لینے-کے-دینے-پڑ-جائیں-گے-احسن-اقبال

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org