QR CodeQR Code

کرونا وائرس ایشو پر کسی بھی جماعت کو سیاست نہیں کرنی چاہیے، حلیم عادل شیخ

28 Feb 2020 20:57

اپنے ایک بیان میں تحریک انصاف کے مرکزی نائب صدر نے کہا کہ کچھ ناجائز مفافع خور کرونا وائرس کا خوف پھیلا کر بلیک مارکیٹنگ کر رہے ہیں، ان منافع خوروں کے خلاف سندھ حکومت فوری کارروائی عمل میں لائے۔


اسلام ٹائمز۔ تحریک انصاف کے مرکزی نائب صدر و سندھ اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ کرونا وائرس سے بچنے کیلئے مؤثر اقدامات اٹھائے جائیں، اس ایشو پر کسی بھی جماعت کو سیاست نہیں کرنی چاہیے، سندھ حکومت وفاق کے ساتھ ملکر اقدامات اٹھائے۔ اپنے ایک بیان میں حؒیم عادل شیخ نے کہا کہ کرونا وائرس اللہ تعالیٰ کی طرف سے قدرتی آفت ہے، سب کو ملکر اس کا مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے، اس وقت معاملہ کنٹرول میں ہے، عوام کو بھی حکومت کا مکمل ساتھ دینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ ناجائز مفافع خور کرونا وائرس کا خوف پھیلا کر بلیک مارکیٹنگ کر رہے ہیں، ان منافع خوروں کے خلاف سندھ حکومت فوری کارروائی عمل میں لائے۔

حلیم عادل شیخ نے کہا کہ وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں سے ملکر کرونا وائرس کی روک تھام کیلئے مؤثر اقدامات اٹھا رہی ہے، اس قومی اشو پر سیاست نہیں کرنی چاہیے، تمام تر وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے اس وائرس کو بڑھنے سے روکنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عوام افواہوں پر دھیان نہ دے، نہ ہی سوشل میڈیا پر غلط افواہیں پھیلا کر افراتفری کا ماحول پیدا کرے۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر غلط افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں، جس سے عوام میں خوف کا ماحول پیدا ہو رہا ہے، جس کے خلاف متعلق ادارے کارروائی کریں۔


خبر کا کوڈ: 847372

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/847372/کرونا-وائرس-ایشو-پر-کسی-بھی-جماعت-کو-سیاست-نہیں-کرنی-چاہیے-حلیم-عادل-شیخ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org