QR CodeQR Code

ایران سے واپس آنیوالے 650 افراد میں کرونا وائرس نہیں پایا گیا، ترجمان سندھ حکومت

28 Feb 2020 21:07

پریس کانفرنس کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ سندھ کے تمام اضلاع سے ایران جانے والوں کا ڈیٹا حاصل کر لیا گیا ہے اور حکومت ان افراد کو گھروں تک محدود رکھنے کی ہدایت کر چکی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ ترجمان سندھ حکومت اور مشیر قانون و ماحولیات بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ اب تک کراچی میں صرف ایک مریض میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے، جو اب رو بہ صحت ہے اور اس مریض کے تمام اہل خانہ کا طبی معائنہ ہو چکا ہے اور الحمدللہ ان میں کسی بھی شخص میں کرونا وائرس کی کوئی علامات نہیں پائی گئیں، اب تک سندھ سے 1419 افراد نے ایران کا سفر کیا، اس میں سے 952 افراد واپس آ چکے ہیں اور 650 افراد کا طبی معائنہ ہو چکا ہے، ان میں کرونا وائرس کی علامات نہیں پائی گئیں۔ سندھ اسمبلی کمیٹی روم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاں نے کہا کہ سندھ کے تمام اضلاع سے ایران جانے والوں کا ڈیٹا حاصل کر لیا گیا ہے اور حکومت ان افراد کو گھروں تک محدود رکھنے کی ہدایت کر چکی ہے۔

صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ یہ وقت سیاسی محاذ آرائی کا نہیں ہے، بلکہ وفاق اور صوبوں کو مل کر اس ناگہانی بیماری کا مقابلہ کرنا چاہئے اور اس وقت گلے شکوے کسی کی زبان سے اچھے نہیں لگتے۔ انہوں نے کہا کہ وفاق اور سندھ نے رابطوں کے تسلسل کو اور تیز کر دیا ہے اور روزانہ کی بنیاد پر شام سات بجے وزیراعلیٰ ہاؤس کراچی میں محکمہ صحت اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے اس معاملے پر جلد قابو پالیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حفظ ماتقدم کے طور پر سندھ میں تعلیمی اداروں کو چھٹی کی گئی ہے اور بروز پیر تمام تعلیمی ادارے کھول دیئے جائیں گے۔


خبر کا کوڈ: 847376

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/847376/ایران-سے-واپس-ا-نیوالے-650-افراد-میں-کرونا-وائرس-نہیں-پایا-گیا-ترجمان-سندھ-حکومت

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org