0
Saturday 29 Feb 2020 10:48

صدر عارف علوی نے کرونا وائرس کے باعث حج متاثر ہونیکا خدشہ ظاہر کر دیا

صدر عارف علوی نے کرونا وائرس کے باعث حج متاثر ہونیکا خدشہ ظاہر کر دیا
اسلام ٹائمز۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس زیادہ پھیل گیا تو حج بھی متاثر ہوسکتا ہے۔ ایک نجی ٹی وی کے مطابق صدر پاکستان نے پشاور میں ہونے والی طبی کانفرنس میں ماسک اور صابن ہاتھ میں لیے شرکت کی۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں صحت کے کافی مسائل ہیں، جن میں ہیپاٹائٹس سب سے سنگین ہے۔ ملک کی 9 فیصد آبادی ہیپاٹائٹس کا شکار ہے، اس بیماری کو ختم کرنے کے لیے 3 ارب ڈالر کی ضرورت ہے۔ کرونا وائرس پر بات کرتے ہوئے صدرِ مملکت نے کہا کہ یہ 51 سے زائد ممالک میں پھیل چکا ہے۔ کرونا وائرس پاکستان میں پھیلنے کا بھی امکان ہے، لہذا عوام احتیاط کریں۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے عوام میں آگاہی کی بھی ضرورت ہے۔

عارف علوی نے مزید کہا کہ وائرس زیادہ پھیل گیا تو حج بھی متاثر ہوسکتا ہے۔ اگر منہ پر پہننے والے ماسک مہنگے ہوگئے تو گھبرانے کی ضرورت نہیں، انہیں آپ خود بھی بنا سکتے ہیں۔ ٹشو سے ماسک بنانے کی ویڈیو ٹویٹر پر ڈالی ہے۔ صدر مملکت نے مزید کہا کہ بہادر قومیں مشکلات کا سامنا کرتی ہیں، جبکہ دوسری جانب وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کہا ہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کے دونوں مریضوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ ٹوئیٹر پر جاری پیغام میں ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے اہل خانہ اور دوستوں کے ٹیسٹ کے ریزلٹ منفی آئے ہیں اور کسی قسم کی تشویش نہیں۔
خبر کا کوڈ : 847438
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش