QR CodeQR Code

عراق میں موجود تمام امریکی فوجی اڈے ایرانی توپخانے کی زد میں ہیں، انقلابی گارڈز

13 Jul 2011 15:39

اسلام ٹائمز: ایرانی انقلابی گارڈز کے اعلی کمانڈر جنرل ابوالقاسم فروتن نے کہا ہے کہ عراق میں موجود تمام امریکی فوجی اڈے ایرانی آرٹلری کی زد میں ہیں۔


اسلام ٹائمز- فارس نیوز ایجنسی کے مطابق ایرانی انقلابی گارڈز کے اعلی کمانڈر جنرل ابوالقاسم فروتن نے ملک کو درپیش بیرونی خطرات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب دشمن ایک قوم کو جو اپنی سیاسی و جغرافیائی حدود میں پرامن طریقے سے رہ رہی ہے جنگ کی دھمکیاں دے تو اس قوم کا وظیفہ بنتا ہے کہ وہ ہر لمحہ اپنے دفاع کیلئے تیار رہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کی جانب سے دفاع کیلئے مکمل طور پر تیار رہنے کی تاکیدات کی روشنی میں ہماری تمام افواج مکمل طور پر تیار ہیں اور عراق میں موجود تمام امریکی اڈے ہماری آرٹلری کی زد میں ہیں۔
جنرل ابوالقاسم فروتن نے کہا کہ ہم اگرچہ عراق کے ساتھ جنگ کے دوران اسلحہ کی قلت سے روبرو تھے لیکن آج فوجی سازوسامان برآمد کرنے والے ممالک میں شمار ہوتے ہیں اور کسی بھی خطرے کی صورت میں اپنی تمامتر دفاعی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے جارح قوتوں کا مقابلہ کریں گے۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی ایران کے اعلی سطحی کمانڈر نے کہا کہ ایران ہر قسم کے خطرے کا مقابلہ کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے، وہ خطرہ چاہے نفسیاتی حربوں کی صورت میں ہو یا فوجی مداخلت کی صورت میں ہو۔ انہوں نے کہا کہ اگر امریکہ نے ایران پر حملہ کیا تو وہ ایرانی انقلابی گارڈز اور آرمی کے مقابلے میں شدید شکست سے دوچار ہو گا جیسا کہ اس سے پہلے عراق ایسی شکست سے دوچار ہو چکا ہے۔


خبر کا کوڈ: 84745

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/84745/عراق-میں-موجود-تمام-امریکی-فوجی-اڈے-ایرانی-توپخانے-کی-زد-ہیں-انقلابی-گارڈز

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org