QR CodeQR Code

جلد ہی کرونا وائرس کی تشخیصی کٹ کی ماس پروڈکشن شروع کر دیں گے، ایران

کرونا وائرس کی ویکسین بھی عنقریب تیار کر لی جائیگی

29 Feb 2020 18:46

ایرانی مرکز برائے اسٹریٹیجک ٹیکنالوجیز کے سربراہ اسمعیل قادری فر نے خبرنگاروں کے ساتھ گفتگو میں کہا ہے کہ ملکی تحقیقاتی اداروں میں تیار شدہ کرونا تشخیصی کٹ کا ابتدائی نمونہ تصویب ہو چکا ہے جو تجارتی سطح پر تھوک پیداوار شروع کئے جانے کے آخری مراحل میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی میڈیکل یونیورسٹیز کرونا وائرس کے لئے MRNA قسم کی ویکسین کی تیاری میں مصروف ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ ایرانی صدارتی دفتر کے ذیلی ادارے "مرکز اسٹریٹیجک ٹیکنالوجیز" کے سربراہ اسمعیل قادری فر نے اعلان کیا ہے کہ مریضوں کے خون میں کرونا وائرس کی تشخیص کے لئے استعمال ہونے والی کٹ کی تیاری پر تحقیقات مکمل کر لی گئی ہیں جبکہ اس کی تجارتی بنیادوں پر تھوک پیداوار بھی عنقریب شروع کر دی جائے گی۔ اسمعیل قادری فر نے دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے لینے والے جدید قسم کے کرونا وائرس کی ویکسین پر ایرانی ماہرین کی طرف سے جاری تحقیقات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملکی تحقیقاتی اداروں نے کرونا وائرس کے مقابلے کے لئے موثر منصوبہ بندی کر رکھی ہے۔

ایرانی مرکز برائے اسٹریٹیجک ٹیکنالوجیز کے سربراہ اسمعیل قادری فر نے خبرنگاروں کے ساتھ گفتگو میں کہا ہے کہ ملکی تحقیقاتی اداروں کی طرف سے کرونا وائرس کے ساتھ مقابلے کے لئے اٹھائے گئے اقدامات میں سے ایک مریضوں کے خون میں کرونا وائرس کی تشخیصی کٹ کی تیاری ہے جس کے حوالے سے چند روز قبل ہی اہم پیشرفت حاصل ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کٹ کو چونکہ وزارت صحت کی تصدیق کی ضرورت ہے لہذا بائیوٹیک ڈیپارٹمنٹ میں تیار کی جانے والی کرونا تشخیصی کٹ کے ابتدائی نمونے پر مرکز اسٹریٹیجک ٹیکنالوجیز اور وزارت صحت کی مشترکہ نگرانی جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں تیار شدہ کرونا تشخیصی کٹ کا ابتدائی نمونہ تصویب ہو چکا ہے جو اب تجارتی بنیادوں پر ماس پروڈکشن شروع کئے جانے کے آخری مراحل میں ہے۔

ایرانی مرکز برائے اسٹریٹیجک ٹیکنالوجیز کے سربراہ نے ملک کے اندر کرونا وائرس کی ویکسین کی تیاری پر جاری تحقیقات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی میڈیکل یونیورسٹیز کرونا وائرس کے لئے MRNA قسم کی ویکسین کی تیاری میں مصروف ہیں جبکہ اس پر جاری تحقیقات بھی عنقریب مکمل کر لی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس سے بچاؤ کے لئے مختلف قسم کے ماسک، ہینڈ واش، جراثیم کش ادویات اور وائرس سے بچاؤ کے لباس تیار کرنے میں تمام ملکی پروڈکشن یونٹس 3 شفٹوں میں دن رات مصروف ہیں اور ان شاء اللہ اس بحران سے بھی ہم کامیابی کے ساتھ گزر جائیں گے۔


خبر کا کوڈ: 847541

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/847541/جلد-ہی-کرونا-وائرس-کی-تشخیصی-کٹ-ماس-پروڈکشن-شروع-کر-دیں-گے-ایران

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org