1
Saturday 29 Feb 2020 21:11

شام کے ہمسایہ ممالک اپنے مفاد پر شامی مفادات کو ترجیح دیں، جامعۃ الازہر

شام کے ہمسایہ ممالک اپنے مفاد پر شامی مفادات کو ترجیح دیں، جامعۃ الازہر
اسلام ٹائمز۔ عالم اسلام کی قدیمی یونیورسٹی جامعۃ الازہر مصر نے شام میں ترک فوج کی مداخلت سے پیدا ہونے والی پریشان کن صورتحال پر اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے۔ مصر کی قدیمی ترین یونیورسٹی جامعۃ الازہر نے اپنے بیان میں شامی عوام پر نئے تناؤ کے مسلط کئے جانے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے شام کے ہمسایہ ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ شامی مصلحت کی خاطر اپنے انفرادی مفادات کو تَرک کر دیں۔ مصری اخبار "الاھرام" کی رپورٹ کے مطابق عالم اسلام کی قدیمی یونیورسٹی جامعۃ الازہر نے عالمی برادری خصوصا شام کے ہمسایہ ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ تازہ ترین صورتحال میں صرف شام کی بھلائی کو مدنظر رکھیں اور اس حوالے سے اپنے ملکی مفادات کو شامی مفادات پر ترجیح نہ دیں۔

جامعۃ الازہر نے اپنے بیان میں مسلط شدہ جنگ کی وجہ سے شام کو درپیش مسائل کی عالمی اداروں کی طرف سے صحیح عکاسی نہ کئے جانے اور بیماریوں کے پھیلنے کے باوجود شامی پناہ گزین کیمپوں میں تاحال انسانی امداد کے نہ پہنچنے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ واضح رہے کہ شامی افواج اور عوامی مزاحمتی فورسز نے ایک ماہ سے زائد کے عرصے سے ملکی سرزمین پر بین الاقوامی دہشتگردوں کے قبضے کے خلاف آپریشن شروع کر رکھا ہے جبکہ دوسری طرف ترکی نے شام کے شمالی صوبے ادلب میں اپنے حمایت یافتہ گروپس جن میں جبہۃ النصرہ سرفہرست ہے، کی پشت پناہی میں اپنی فوج بھیج رکھی ہے جو دمشق اور انکرہ کے درمیان نئے تناؤ کا باعث ہے۔ یاد رہے کہ شام اور ترکی کے درمیان موجود تناؤ کی یہ کیفیت 2 روز قبل تب اپنے عروج کو پہنچ گئی تھی جب صوبہ ادلب میں قابض دہشتگردوں کے کیمپس پر شامی افواج کے ہوائی حملے میں وہاں موجود 34 ترک فوجی بھی دہشتگردوں کے ہمراہ ہلاک ہو گئے تھے۔
خبر کا کوڈ : 847587
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش