QR CodeQR Code

گلگت بسین میں کرونا کی افواہ پر ہنگامہ، عوام نے ایمبولینس کا راستہ روک لیا

29 Feb 2020 22:23

دو مریضوں میں بخار کی علامات ظاہر ہونے پر ڈاکٹروں نے کرونا کا شبہ ظاہر کر دیا اور آئسولیشن سینٹر منتقل کرنیکی سفارش کی۔ دونوں مریضوں کو خصوصی ایمبولینس کے ذریعے بسین میں قائم آئسولیشن سنٹر لایا گیا، اسی دوران علاقہ مکین سنٹر کے باہر جمع ہو گئے اور سڑک بلاک کر کے احتجاج شروع کیا۔


اسلام ٹائمز۔ گلگت میں کرونا وائرس کی افواہیں سر چڑھ کر بولنے لگیں۔ ہفتہ کے روز بسین میں قائم آئسولیشن سنٹر میں لائے گئے دو مشتبہ مریضوں کی اطلاع ملتے ہی عوام نے احتجاج کر کے ایمبولینس کا گھیراؤ کر لیا، جس کے بعد انتظامیہ کو انہیں ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کرنا پڑا۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب گلگت کے علاقے نگرل سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون اور ایک مرد معمول کے چیک اپ کیلئے ڈی ایچ کیو ہسپتال آئے تو وہاں طبی معائنہ کے بعد بخار کی علامات پائی گئیں، جس پر ڈاکٹر نے انہیں کرونا وائرس کا مشتبہ مریض قرار دے کر فوری طور پر بسین میں قائم آئسولیشن سنٹر منتقل کرنے کی سفارش کی۔ جس کے بعد دونوں مریضوں کو ایک خصوصی ایمبولینس کے ذریعے بسین میں قائم آئسولیشن سنٹر لایا گیا، اسی دوران علاقہ مکین سنٹر کے باہر جمع ہو گئے اور سڑک بلاک کر کے احتجاج شروع کیا۔ مظاہرین نے ایمبولینس کا گھیراؤ کرتے ہوئے مریضوں کو سینٹر داخل ہونے نہیں دیا۔ بعد میں مجبوراً  انہیں ڈی ایچ کیو ہسپتال میں قائم آئسولیشن سنٹر منتقل کرنا پڑا۔

ادھر بسین میں مظاہرین کا موقف تھا کہ سنٹر میں کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے کوئی انتظامات نہیں ہیں، اگر مریض یہاں لائے گئے تو اس سے پورا علاقہ متاثر ہوگا، لہٰذا سنٹر میں درکار ضروری طبی سہولیات فراہم کی جائیں یا آئسولیشن سنٹر کو کسی دوسری جگہ منتقل کیا جائے۔ بعد ازاں انتظامیہ نے دونوں مشتبہ مریضوں کو واپس ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کیا۔ دوسری جانب ڈی ایچ کیو ہسپتال میں بھی دلچسپ صورتحال اس وقت پیدا ہوگئی جب کرونا مریضوں کی افواہ پر معمول کے چیک اپ کیلئے آئے ہوئے مریض بھی وہاں سے بھاگ گئے۔ یاد رہے کہ دونوں مریض 11 فروری کو ایران سے واپس آئے تھے حالانکہ گیارہ فروری کو ایران بھر میں ایک بھی کرونا کا کیس سامنے نہیں آیا تھا۔ ہفتہ کی شام دونوں مریض صحت یاب ہو کر گھر چلے گئے۔ ڈاکٹروں کے مطابق انہیں موسمی بخار تھا کیونکہ گلگت بلتستان میں سردی کی لہر بدستور موجود ہے جس کی وجہ سے موسمی بخار اور کھانسی معمول کی بات ہے۔


خبر کا کوڈ: 847601

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/847601/گلگت-بسین-میں-کرونا-کی-افواہ-پر-ہنگامہ-عوام-نے-ایمبولینس-کا-راستہ-روک-لیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org