1
Saturday 29 Feb 2020 22:15

شام، ترک حملے میں دہشتگردوں کیخلاف برسرپیکار شامی فوج اور حزب اللہ لبنان کے متعدد مجاہد شہید

شام، ترک حملے میں دہشتگردوں کیخلاف برسرپیکار شامی فوج اور حزب اللہ لبنان کے متعدد مجاہد شہید
اسلام ٹائمز۔ گزشتہ شب شام کے شمالی صوبوں ادلب اور حلب کے نواحی علاقوں پر ترکی کے حملوں میں دہشتگردوں کے ساتھ برسرپیکار لبنانی مزاحمتی فورس حزب اللہ کے متعدد مجاہد شہید ہو گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق عرب نیوز چینل المیادین نے خبر دی ہے کہ ترکی نے گزشتہ شب شام کے شمالی صوبے حلب کے نواحی علاقے الزربہ پر ہوائی حملہ کیا ہے جس میں لبنانی عوامی مزاحمتی فورس حزب اللہ کے متعدد مجاہد شہید ہو گئے ہیں تاہم حزب اللہ نے تاحال اس حملے کا جواب نہیں دیا۔ رپورٹس کے مطابق حزب اللہ لبنان کے مجاہدین کے ہمراہ متعدد شامی فوجی بھی ترکی کے اس حملے کا نشانہ بنے ہیں۔ بین الاقوامی خبررساں ایجنسی رائٹرز نے اعلان کیا ہے کہ گزشتہ شب حلب کے نواحی علاقوں پر ہونے والے ترکی کے اس حملے میں حزب اللہ لبنان کے 9 جنگجو شہید ہوئے ہیں۔ 

واضح رہے کہ شام کے شمالی علاقہ جات میں موجود دہشتگردوں کے آخری ٹھکانے ادلب میں شامی افواج اور عوامی مزاحمتی فورسز کا بھرپور آپریشن جاری ہے تاہم وہاں قابض ترک حمایت یافتہ دہشتگرد گروہ جبہۃ النصرہ پر ہوائی حملے میں متعدد ترک فوجیوں کے مارے جانے پر شام اور ترکی کے درمیان شدید تناؤ کی کیفیت موجود ہے۔ دوسری طرف ترک صدر رجب طیب اردوغان نے ادلب کے ہوائی حملے میں دہشتگردوں کے ہمراہ 34 ترک فوجیوں کی ہلاکت پر شامی افواج کو بھرپور جواب دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ انکی فورسز نے 2 ہزار سے زائد شامی فوجیوں اور 300 سے زائد شامی گاڑیوں، رن ویز اور کیمیائی اسلحے کے گوداموں کو نشانہ بنایا ہے جبکہ شام اور ترکی کے درمیان اس تناؤ کے مدنظر ایرانی صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے ترک و شامی سربراہان مملکت سے ٹیلی فون پر گفتگو کی ہے اور دونوں فریقوں کو مذاکرات کے لئے اپنی میزبانی میں ایک سہ فریقی اجلاس میں شرکت کی دعوت دی ہے۔
خبر کا کوڈ : 847605
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش