QR CodeQR Code

او آئی سی مردہ گھوڑا، ختم کرکے نیا پلیٹ فارم تشکیل دیا جائے

عالمی برادری انڈیا میں مسلم کش فسادات کو نوٹس لے، سبطین سبزواری

1 Mar 2020 18:37

ایس یو سی پنجاب کے صدر کا کہنا تھاکہ دہلی میں مسلمان آبادیوں کو آر ایس ایس کے غنڈوں اور جانبدارانہ پولیس کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے، امام مسجد کی آنکھیں نکالی گئیں، ان پر تیزاب پھینکا گیا، ان ظالمانہ اقدامات کی بھرپور مذمت کرتے اور کہتے ہیں کہ بھارتی مظالم پر مسلم ممالک کی خاموشی اور بے حسی، ظلم میں شریک ہونے کے مترادف ہے۔


اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل شمالی پنجاب کے صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری نے مطالبہ کیا ہے کہ اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں بھارت میں مسلم کش فسادات کا نوٹس لیں اور غیر انسانی اقدامات کو رکوانے میں کردار ادا کریں، بھارتی مسلمانوں پر ہونیوالے مظالم کیخلاف ملت اسلامیہ کی بے حسی قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ اپنی ذمہ داری سے غافل ہو چکی ہے، دنیا میں کوئی اسلامی ملک نہیں جس نے بھارتی مسلمانوں کے کشمیریوں پر ہونیوالے مظالم کی داد رسی کی ہو۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

علامہ سبطین سبزواری نے کہا کہ دہلی میں مسلمان آبادیوں کو آر ایس ایس کے غنڈوں اور جانبدارانہ پولیس کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے، امام مسجد کی آنکھیں نکالی گئیں، ان پر تیزاب پھینکا گیا، ان ظالمانہ اقدامات کی بھرپور مذمت کرتے اور کہتے ہیں کہ بھارتی مظالم پر مسلم ممالک کی خاموشی اور بے حسی، ظلم میں شریک ہونے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان ممالک کی تنظیم او آئی سی مردہ گھوڑا بن چکی ہے، اس سے مسلمانوں کو کوئی فائدہ نہیں ہوا، اسے ختم کرکے متحرک ممالک پر مشتمل مسلمانوں کی نمائندگی کا نیا پلیٹ فارم تشکیل دیا جائے، جسے واقعی مسلمانوں پر ہونیوالے مظالم کی تکلیف محسوس ہو اور وہ دنیا بھر میں ان کا مقدمہ لڑنے کیلئے تیار ہو، او آئی سی سے مسلمانوں کو کوئی فائدہ نہیں پہنچا، بلکہ اس کے بعض اقدامات سے اسلام دشمن ممالک اسرائیل اور بھارت کو فائدہ ہوا ہے۔


خبر کا کوڈ: 847746

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/847746/عالمی-برادری-انڈیا-میں-مسلم-کش-فسادات-کو-نوٹس-لے-سبطین-سبزواری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org