0
Wednesday 13 Jul 2011 19:17

ممبئی کے پرہجوم علاقوں میں یکے بعد دیگر 3 بم دھماکے، 21 افراد ہلاک، 113 سے زائد زخمی، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ

ممبئی کے پرہجوم علاقوں میں یکے بعد دیگر 3 بم دھماکے، 21 افراد ہلاک، 113 سے زائد زخمی، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ
ممبئی:اسلام ٹائمز۔ بھارت کا شہر ممبئی ایک بار پھر دھماکوں کی زد میں آ گیا، آج شہر کے مصروف علاقوں میں ہونیوالے لگاتار تین بم دھماکوں میں ہلاکتوں کی تعداد 21 ہو گئی ہے، 113 سے زائد افراد زخمی ہو گئے ہیں جبکہ مرنے والوں کی تعداد بڑھنے کا خدشہ ہے۔ پولیس نے ممبئی کی ناکہ بندی کر دی ہے، دارالحکومت نئی دہلی سمیت اہم شہروں میں سکیورٹی الرٹ کر دی گئی ہے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دھماکے شام کے وقت 20 منٹ کے اندر ممبئی کے علاقوں دھادر، جھاویری بازار اور کولابا میں ہوئے۔ اس وقت دفاتر اور کام سے گھر واپس جانے والوں کا رش تھا۔ دھادر کے علاقے میں بم ٹیکسی کار میں نصب کیا گیا تھا جو مشہور کبوتر خانہ بلڈنگ کے قریب کھڑی گئی تھی۔ اس کے فوراً بعد جھاویری بازار میں دھماکے کی اطلاع ملی جو گنجان آباد علاقہ ہے اور یہاں زیادہ تر جیولرز کی دکانیں ہیں۔ اس علاقے میں دھماکا خیز مواد ایک اشتہاری بورڈ کے میٹر میں نصب کیا گیا تھا۔ 
جھاویری بازار وہی علاقہ ہے، جہاں 1993ء کے دھماکوں میں 53 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ تیسرا دھماکا کولابا میں ہوا، جس کیلئے موٹر سائیکل میں بم نصب کیا گیا تھا۔ بھارتی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ دھماکے دہشت گردی کی کارروائی ہیں جس کیلئے دیسی ساختہ بم استعمال کئے گئے۔ دھماکوں سے جائے وقوع کے آس پاس شدید ٹریفک جام ہو گیا، جس کے بعد امدادی گاڑیوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ 26 نومبر 2008ء کے بعد یہ ممبئی دہشت گردی کی پہلی بڑی واردات ہے۔ سینئر بھارتی حکام کے مطابق دہشت گردوں نے ممبئی میں زیورات کی خرید و فروخت کے مراکز کو نشانہ بنایا۔ سب سے خطرناک دھماکا ہیروں کی خرید و فروخت کے اوپرا ہاؤس میں کیا گیا۔ بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے وزیراعلٰی پرتھوی چاون کا کہنا ہے کہ یہ دوسرا موقع ہے کہ ممبئی کے مرکز کو نشانہ بنایا گیا ہے، تاہم ہم اس چیلنج سے نبرد آزما ہونے کیلئے پہلے سے زیادہ تیار تھے۔ انہوں نے عوام سے پرامن رہنے کی اپیل کی ہے۔
خبر کا کوڈ : 84783
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش