0
Monday 2 Mar 2020 19:18

افغان امن معاہدہ بھارت کے منہ پر طمانچہ ہے، صاحبزادہ حامد رضا

افغان امن معاہدہ بھارت کے منہ پر طمانچہ ہے، صاحبزادہ حامد رضا
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ افغان امن معاہدہ امریکہ کی رسوائی اور پسپائی کی علامت ہے، افغانستان میں 19 سالہ جنگ کا خاتمہ خوش آئند ہے، افغان امن معاہدہ میں پاک فوج نے بنیادی اور نمایاں کردار ادا کیا، اب افغان مہاجرین کی واپسی کی راہ بھی ہموار ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ افغان امن معاہدہ پر عملدرآمد خطے میں امن کی نوید ہو گی، افغانستان سے امریکہ کی رخصتی افغان عوام کی فتح ہے۔

صاحبزادہ حامد رضا کا کہنا تھا کہ امریکہ نے کبھی کوئی جنگ نہیں جیتی، دعا ہے فریقین معاہدہ کی پابندی کریں، افغان امن معاہدہ بھارت کے منہ پر طمانچہ ہے، پاکستان کو عالمی سطح پر تنہا کرنے کی بھارتی کوششیں ناکام ہو گئیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے جامعہ رضویہ فیصل آباد میں علماء و مشائخ کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ افغان امن معاہدہ امن کی جیت ہے، دوسری سپر پاور افغانستان سے رسوا ہو کر رخصت ہو رہی ہے، افغان عوام نے امریکہ کی جارحیت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، افغانستان میں قیام امن کے پورے خطہ پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے، اب افغان مہاجرین کو واپس افغانستان بھیجنے کے اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان سے امریکی فوج کا انخلا افغان عوام کی بہت بڑی کامیابی ہے، معاہدہ کو سبوتاژ کرنے کی بھارتی سازشوں سے ہوشیار رہنا ہو گا۔
خبر کا کوڈ : 847951
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش