0
Monday 2 Mar 2020 19:42

نااہل حکومت اب اُنہیں خدمت کا موقع دے جنہیں حکومت کرنےکا کام آتا ہے، پرویز رشید

نااہل حکومت اب اُنہیں خدمت کا موقع دے جنہیں حکومت کرنےکا کام آتا ہے، پرویز رشید
اسلام ٹائمز۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ یہ حکومت نااہل ہے،  اب اُنہیں خدمت کا موقع دیا جائے جنہیں حکومت کرنےکا کام آتا ہے۔ سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے سینیٹر پرویز رشید کا کہنا تھا کہ وہ لوگ خود کو رضاکارانہ اس کام سے دور کرلیں جنہیں یہ کام نہیں آتا، جنہیں یہ کام آتا ہے انہیں سیاسی انتقام کا نشانہ نہ بنایا جائے، انہیں موقع دیا جائے تاکہ ملک ترقی کے راستے پر آگے بڑھ سکے۔ پرویز رشید کا کہنا تھا کہ  آنے جانے کی بات کے سوا حکومت کا کوئی کام نہیں، پرویز مشرف کہتے تھے کہ نواز شریف کو آنے نہیں دینا، یہ کہتے ہیں نواز شریف کو جیل میں ڈالنا ہے۔

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ آج پاکستان کی کرنسی بنگلا دیش اور افغان کرنسی سے بھی کمزور ہے، جس ملک کی اقتصادیات کمزور ہو جاتی ہے تو دفاع و سلامتی بھی کمزور ہو جاتے ہیں، ان لوگوں نے پاکستان کی سلامتی اور دفاع کو داؤ پر لگا دیا ہے۔ سینیٹر پرویز رشید کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم لیوی کی مد میں 120 ارب روپے حکومت کی جیب میں جائیں گے، یہ غریب آدمی کا چولھا بجھا دیں گے اور لوگوں کو لنگر خانے پر کھڑا کر دیں گے۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما کا کہنا تھا کہ پاکستان میں میڈیا ہاؤسز کا معاشی قتل کا عمل جاری ہے، میڈیا کارکنوں کی تنخواہیں طویل عرصے سے رکی پڑی ہیں اور کئی کارکنوں کی زندگیوں کے چراغ بجھ گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ لوگ قوم کوبھکاری بنارہے ہیں، اِنہوں نے ایک ترقیاتی منصوبہ بھی شروع نہیں کیا،جو رقوم یہ ٹیکس سے اکھٹے کریں گے تفصیلات ایوان کو بتانے کو تیار نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ کب خوشخبری سنائیں گے کہ کوئی بندر گاہ ، موٹر وے یا نیا ہوائی اڈا بنانے جا رہے ہیں۔
 
خبر کا کوڈ : 847956
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش