QR CodeQR Code

کرونا وائرس کی آڑ میں زائرین کے خلاف جاری مذموم مہم بند کی جائے، علامہ رضی جعفر نقوی

4 Mar 2020 00:36

ایک بیان میں صدر جعفریہ الائنس نے کہا کہ حکومتی اداروں کی جانب سے مقامات مقدسہ سے واپس آنے والے زائرین پر شکوک و شہبات کا اظہار کرتے ہوئے یہ تاثر دینے کی کوشش کی جارہی ہے جیسے کرونا وائرس کے پھیلاؤ کا سبب زائرین ہیں، اس طرح کا بے بنیاد پروپیگنڈا ملت تشیع کی دل آزاری کے ساتھ ساتھ مسلکی تفریق کا بھی باعث بن سکتا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جعفریہ الائنس پاکستان کا ہنگامی اجلاس بارگاہ حسینی پی ای سی ایچ سوساٹی میں منعقد ہوا، جس میں علامہ رضی جعفر نقوی، علامہ حسین مسعودی، علامہ باقر حسین زیدی، علامہ نثار قلندری، علامہ فرقان حیدر عابدی، علامہ رجب علی بنگش، شبر رضا، یعقوب شہباز، مہدی عباس، ثروت رضوی، قاسم رضوی، نیئر علی و دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جعفریہ الائنس پاکستان کے صدر علامہ سید رضی جعفر نقوی کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کی آڑ میں زائرین کے خلاف جاری مذموم مہم بند کی جائے، ملک میں موجود ایسے عناصر کو لگام دینے کی ضرورت ہے جو نفاق بین المسلمین کے لئے کوشاں ہیں، بیس کروڑ سے زائد کی آبادی میں چند مشتبہ کیسز کو بنیاد بناکر پورے ملک میں خوف و ہراس پیدا کرنا اور مخصوص مسلک کو نشانہ بنانا غیر دانشمدانہ فعل ہے، اس سلسلے میں حکومت کو ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی ہنگامی یا غیر متوقع صورتحال سے نمٹنے کے لئے موثر لاحہ عمل طے کرنے کی ضرورت ہوتی ہے لیکن یہاں صورتحال اس کے بر عکس ہے، حکومتی اداروں کی جانب سے مقامات مقدسہ سے واپس آنے والے زائرین پر شکوک و شہبات کا اظہار کرتے ہوئے یہ تاثر دینے کی کوشش کی جارہی ہے جیسے کرونا وائرس کے پھیلاؤ کا سبب زائرین ہیں، اس طرح کا بے بنیاد پروپیگنڈا ملت تشیع کی دل آزاری کے ساتھ ساتھ مسلکی تفریق کا بھی باعث بن سکتا ہے، ہم حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اس وقت تفتان باڈر پر ہزاروں زائرین کھلے آسمان تلے بے سہارا بیٹھے ہیں ان کو فی الفور ان کے گھروں پر روانہ کیا جائے، ان کے اہل خانہ اس وقت شدید پر یشانی و اذیت میں مبتلا ہیں، ہم امید کرتے ہیں کہ حکومت ہم سے بھرپور تعاون کا سلسلہ جاری رکھے گی۔


خبر کا کوڈ: 848248

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/848248/کرونا-وائرس-کی-آڑ-میں-زائرین-کے-خلاف-جاری-مذموم-مہم-بند-جائے-علامہ-رضی-جعفر-نقوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org