0
Thursday 5 Mar 2020 10:51

او آئی سی وفد کا کنٹرول لائن پر چکوٹھی سیکٹر کا دورہ

او آئی سی وفد کا کنٹرول لائن پر چکوٹھی سیکٹر کا دورہ
اسلام ٹائمز۔ اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل کے نمائندہ خصوصی برائے پاکستان اور جموں و کشمیر یوسف ایم الدوبے کی قیادت میں او آئی سی کے اعلیٰ سطحی  6 رکنی وفد نے لائن آف کنٹرول کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے چکوٹھی سیکٹر کا دورہ کیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق او آئی سی وفد کو ایل او سی کی تازہ صورتحال، بھارت کی جانب سے شہری آبادی کو نشانہ بنانے، سیز فائر لائن خلاف ورزی پر بریفنگ دی گئی۔ او آئی سی کے وفد نے لائن آف کنٹرول کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کرنے اور لائن آف کنٹرول پر خود صورتحال دیکھنے کا موقع فراہم کرنے پر پاک فوج کا شکریہ ادا کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق او آئی سی وفد کو چکوٹھی سیکٹر میں اگلے مورچوں پر میجر جنرل عامر احسن نواز نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی جانب سے سول آبادی کو نشانہ بنانے اور بھارت کی جانب سے گذشتہ ایک سال سے سرینگر مظفرآباد بس اور ٹرک سروس کی بندش کے باعث منقسم کشمیریوں کو درپیش مشکلات کے بارہ میں وفد کو بریفنگ دی۔

لائن آف کنٹرول کے دورہ کے موقع پر او آئی سی کے سیکرٹری جنرل کے نمائندہ خصوصی برائے پاکستان و جموں و کشمیر یوسف ایم الدوبے نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے پاکستان کے دو روزہ دورے کے دوران وزیراعظم عمران خان، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور اعلیٰ حکومتی عہدیداران سے ملاقات کی، اب ہم لائن آف کنٹرول پر موجود ہیں جہاں پر ہمیں عسکری حکام نے سرحد کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا۔

علاوہ ازیں اسلامی تعاون تنظیم کے جموں و کشمیر کے حوالے سے نمائندہ خصوصی یوسف الدوبے نے ایوان صدر مظفرآباد میں آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان سے طویل ملاقات کی اور اُن سے مقبوضہ جموں کشمیر اور بھارت میں ہونے والے واقعات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
خبر کا کوڈ : 848498
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش