0
Thursday 5 Mar 2020 22:42

کراچی مسائل کا سمندر بن چکا، معاشی شہ رگ کے ساتھ کیا جانیوالا سلوک انتہائی افسوسناک ہے، ارشد وہرہ

کراچی مسائل کا سمندر بن چکا، معاشی شہ رگ کے ساتھ کیا جانیوالا سلوک انتہائی افسوسناک ہے، ارشد وہرہ
اسلام ٹائمز۔ پاک سرزمین پارٹی کے سینئر رہنما و سابق ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد وہرا نے کہا ہے کہ کراچی مسائل کا سمندر بن چکا ہے، ملک کی معاشی شہ رگ کے ساتھ کیا جانے والا سلوک انتہائی افسوسناک ہے۔ انہوں نے کراچی کے علاقے رضویہ میں 3 منزلہ عمارت گرنے کے باعث جانی نقصان پر جائے حادثہ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا اور متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ سینٹرل کی آرگنائزنگ کمیٹی کے اراکین بھی انکے ہمراہ موجود تھے۔ ڈاکٹر ارشد وہرا نے کہا کہ سندھ حکومت سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کو فی الفور دوبارہ کراچی بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی بنائے کیونکہ اب اس ادارے کی غفلت اور نااہلی کی وجہ سے عوام کے جان و مال کا نقصان ہو رہا ہے، سندھ حکومت کو چاہیئے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے بجائے لاڑکانہ، حیدرآباد، سکھر، میرپور خاص سمیت سندھ کے ہر شہر کی ایک علیحدہ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی بنائے، جب سے ادارہ کراچی بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی سے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی بنا ہے تب سے آج تک سندھ کے دارالخلافہ کراچی کو تباہی اور بربادی کے سوا کچھ نہیں دیا، ادارے میں سیاسی وابستگیوں کی وجہ سے بھرتیوں سے ادارے کی افادیت ختم ہو کر رہ گئی ہے، ادارے میں رشوت کا بازار گرم ہے جس کی وجہ سے عوام براہِ راست متاثر ہو رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے اپنی تعصب پر مبنی پالیسیوں کی وجہ سے شہر قائد کا ہر ادارہ تباہ کردیا ہے، جس کے باعث یہاں کی عوام میں شدید احساس محرومی پایا جاتا ہے، غیر معیاری اسٹرکچر پر بننے والی عمارتیں انسانی جانوں کے لئے خطرہ بن چکی ہیں، آج کا واقعہ اور اس سے قبل ٹمبر مارکیٹ، رنچھوڑ لائن میں عمارتوں کا گرنا ایس بی سی اے کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے، سندھ حکومت ایس بی سی اے میں تعینات نااہل اور کرپٹ افسران کے خلاف قانونی کاروائی کرے اور غفلت کے مرتکب افراد کو کرپشن کے خاتمے کے لئے مثال بنائے۔ انہوں نے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر متاثرین کے مالی امداد کا اعلان کرے اور واقعے میں زخمی ہونے والے افراد کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائے، نیز SBCA کے ذمہ دار افسران کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرائے۔ انہوں نے واقع میں جاں بحق افراد کی مغفرت درجات کی بلندی، لواحقین کے لئے صبر جمیل اور زخمیوں کی جلد و مکمل صحتیابی کے لئے دعا کی۔
خبر کا کوڈ : 848636
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش