0
Friday 6 Mar 2020 17:50

وائرس کا خطرہ، کرونا میں گِھرے اسرائیل نے فلسطینی شہر بیت اللحم کو سیل کر دیا

وائرس کا خطرہ، کرونا میں گِھرے اسرائیل نے فلسطینی شہر بیت اللحم کو سیل کر دیا
اسلام ٹائمز۔ غاصب صیہونی رژیم اسرائیل کے وزیر دفاع نفتالی بینیٹ نے اسرائیل کی طرف سے فلسطینی شہر بیت اللحم کے تمام داخلی و خارجی راستوں کے مکمل طور پر بند کر دیئے جانے کا اعلان کیا ہے۔ اسرائیلی ریڈیو نے اس حوالے سے دعوی کیا ہے کہ یہ فیصلہ فلسطینی حکومت کے اتفاق کے ساتھ بیت اللحم میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر کیا گیا ہے جس کے بعد اب کوئی اس شہر میں داخل یا اس سے خارج نہیں ہو سکتا۔

فلسطینی صدر محمود عباس نے بھی گزشتہ شب فلسطینی شہر بیت اللحم میں کرونا وائرس کے 7 مزید مریضوں کے انکشاف کے بعد وہاں ہنگامی صورتحال کے نفاذ اور شہر کے تمام سیاحتی مراکز، ہوٹلوں، مساجد اور کلیساؤں کے دو ہفتوں تک بند رکھے جانے کا اعلان کیا ہے۔ دوسری طرف اسرائیلی ریڈیو کا کہنا تھا کہ اسرائیلی معیشت کے کمزور پڑ جانے کا ڈر اسرائیل کے اندر فلسطینی مزدوروں کے داخلے پر پابندی عائد کئے جانے میں تاخیر کا سبب بنا ہے۔

اسرائیلی ریڈیو کے مطابق اب صیہونی رژیم نے فلسطین کے ساتھ اپنی تمام گزگاہیں مکمل طور پر بند کر دینے کا سنجیدہ فیصلہ کر لیا ہے جبکہ فلسطینی سرحدوں کے بند ہو جانے سے اسرائیل میں جاری 70 فیصد تعمیراتی منصوبے بھی رُک جائیں گے جس سے اسرائیلی معیشت کو بلین ہا ڈالرز کا نقصان پہنچے گا۔

واضح رہے کہ اسرائیل کے اندر فلسطینی شہروں کی نسبت پہلے سے کرونا وائرس موجود ہے۔ اسرائیلی وزارت صحت کے مطابق اس وقت مقبوضہ فلسطین (اسرائیل) میں 17 لوگ اس وائرس میں مبتلا ہو چکے ہیں جبکہ 3,694 دوسرے صیہونیوں کو الگ تھلگ کر دیا گیا ہے۔ مزید برآن اسرائیلی وزارت خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیلی شہری اٹلی، جرمنی، سوئزرلینڈ، سپین اور آسٹریا کا سفر بھی نہ کریں۔
خبر کا کوڈ : 848758
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش